نجف پور کے جنگل میں 16 ماہ قبل اغوائ ہونے والے 70 سالہ شخص کی کھوپڑی، کپڑے اور موبائل فون کی سم برآمد

پیر 12 اکتوبر 2020 13:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2020ء) : خانپور کے علاقہ نجف پور کے جنگل میں 16 ماہ قبل اغوائ ہونے والے 70 سالہ شخص کی کھوپڑی، کپڑے اور موبائل فون کی سم برآمد ہوئی ہے، خانپور کوہالہ بالا علاقہ پہاڑ کے رہائشی فضل کریم ولد محبوب نامی شخص کو 16 ماہ قبل نجف پور میں ایک شادی میں شرکت کے موقع پر اغوائ کیا گیا تھا۔خانپور پولیس نے اغوائ کے بعد قتل ہونے والے شخص کی باقیادت کو قبضہ میں لیکر ڈی این اے کیلئے روانہ کر دیا، دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق علاقہ پہاڑ خانپور کے گاؤں نجف پور کے جنگل سے فضل کریم ولد محبوب نامی شخص جو کوہالہ بالا کا رہائشی تھا اور 16 ماہ قبل نجف پور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد غائب ہو گیا تھا، کی کھوپڑی، ہڈیاں، کپڑے اور موبائل فون کی سم برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کی اطلاع پر خانپور پولیس کی بھاری نفری نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات نجف پور کے جنگل میں پہنچ کر فضل کریم کی باقیات کو اکٹھا کیا اور بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری روانہ کر دی گئی۔

واضح رہے کہ فضل کریم کے والد محبوب نے بیٹے کے اغوائ کی ایف آئی آر میں مقصود ولد اختر سکنہ کوہالہ، یونس ولد اقبال سکنہ نجف پور، عمر ولد یونس، مسعود ولد اختر، عامر ولد مسعود نامی افراد کو نامزد کیا تھا تاہم خانپور پولیس کی جانب سے مذکورہ مقدمہ کی باضابطہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کے بعد مدعی نے مذکورہ کیس کو لاپتہ افراد کمیشن کے سامنے دائر کیا۔ کمیشن کی ہدایت پر ڈی پی او نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی اور کمیٹی کی رپورٹ پر 21 فروری 2020ئ کو فضل کریم کے اغوائ کا مقدمہ درج کیا گیا اور نامزد ملزمان نے عدالت سے قبل از گرفتاری کروا لی۔