سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کاآئی پی ایچ کا دورہ،انسٹیٹیوٹ میں فیکلٹی کی 27 خالی اسامیاں جلد پُر کی جائیں گی

آئی پی ایچ میں پبلک ہیلتھ کے کورسز اور طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیلئے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کریں گے‘سیکرٹری صحت نبیل احمد

بدھ 14 اکتوبر 2020 13:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2020ء) سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کہا ہے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ٹیچنگ فیکلٹی کے مختلف کیڈرز کی 27 خالی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے اور آئی پی ایچ میں پبلک ہیلتھ کے تربیتی کورسز میں اضافہ کے ساتھ سٹوڈنٹ ڈاکٹرز کی سیٹیں بھی بڑھائی جائیں گی۔

انہوں نے یہ بات انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ آئی پی ایچ کے اچانک دورہ کے موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور فیکلٹی ممبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری صحت نے انسٹیٹیوٹ میں قائم بی ایس ایل -III لیب، ڈینٹل یونٹ اور دیگر شعبوں کا وزٹ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں انسٹیٹیوٹ کے تمام سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے انسٹیٹیوٹ میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں بارے سیکرٹری صحت کو بریفنگ دی اور ادارے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

ڈاکٹر زرفشاں نے سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمد اعوان کو انسٹیٹیوٹ میں اساتذہ کی خالی آسامیوں اور اس سے پیدا ہونے والی مشکلات بارے بتایا۔ڈاکٹر زرفشاں کا کہنا تھا کہ آئی پی ایچ انتہائی محدود وسائل کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ سیکرٹری اسپیشلائزڈ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے یقین دلایا کہ حکومت انسٹیٹیوٹ کی خالی پوسٹوں کو جلد پر کرنے کیلئے ترجیحی اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے طلبہ کو درپیش رہائشی مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ سیکرٹری صحت نے بی ایس ایل -III لیب کا بھی دورہ کیا۔ بیرسٹر نبیل اعوان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کو مزید وسعت دی جائے گی اور دیگر بیماریوں کی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور آئی پی ایچ میں قائم واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کو اپ گریڈ کرنا بھی پروگرام کا حصہ ہے۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار پبلک ہیلتھ کے ماہرین موجود ہیں جن کی قابلیت اور تجربہ سے بھر پور استفادہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈین آئی پی ایچ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کے آئی پی ایچ کا تفصیلی دورہ کرنے اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :