پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم کے 18 اکتوبر کراچی جلسے کے بارے میں بڑا دعویٰ

یہ جلسہ شہر قائد کی تاریخ میں ہونے والے سب سے بڑے ترین جلسوں میں سے ایک ہوگا، جس کے لیے لاکھوں کی تعداد میں ماسک کا بھی انتظام کیا گیا ہے ، سعید غنی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 اکتوبر 2020 14:40

پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم کے 18 اکتوبر کراچی جلسے کے بارے میں بڑا دعویٰ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کی طرف سے 18کتوبر کو کراچی میں ہونے والے جلسے کے بارے میں برا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کا جلسہ شہر قائد کی تاریخ میں ہونے والے سب سے بڑے ترین جلسوں میں سے ایک ہوگا، میڈیا نے باغ جناح کے پنڈال میں ہونے والے بہت سارے جلسوں کی کوریج کی ہے ، لیکن جتنا بڑا پنڈال ہماری بطرف سے اس جلسے کے لیے بنایا گیا ہے ، ماضی میں کسی بھی جماعت نے اتنا برا پنڈال نہیں بنایا ، اس کے علاوہ ہماری یہ توقع ہے کہ جلسے کے شرکاء اس پنڈال سے بھی بہت زیادہ ہوں گے ، اس لیے جلسے کے مقام سے ملحقہ سڑک اور نمائش چورنگی کے علاقے میں ہماری طرف سے بڑی اسکرین ، ساونڈ اور لائٹس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ، تاکہ جو لوگ پنڈال میں نہ آسکیں وہ باہر کھڑے ہوکر ہی جلسہ گاہ کا حصہ بن سکیں اور ان تک قائدین کی آواز پہنچائی جا سکے ، جب کہ کورونا سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کے طور پر ہم نے لاکھوں کی تعداد میں ماسک کا بھی انتظام کیا ہے ، جو کوئی جلسہ میں شریک ہونے کے لیے آئے گا اس کو ماسک فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے کے بارے میں آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں 20 ہزار افراد نے شرکت کی ، جس کے بارے میں اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ جناح اسٹیڈیم مکمل طور پر لوگوں سے بھر چکا تھا ، جہاں ہزاروں افراد کا سمندر جناح اسٹیڈیم امڈ آیا ، جب کہ حکومت کے وزراء کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اپوزیشن اتحاد کا شو زیادہ متاثر کن نہیں تھا ،اس حوالے سے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ 20 ہزار افراد نے شرکت کی ، جب کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ جناح اسٹیڈیم میں 25 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے، ن لیگ کی جانب سے جان بوجھ کر اسٹیج گراونڈ میں کافی آگے لگایا گیا تاکہ گراونڈ کو بھرا ہوا دکھا سکیں، تمام بڑی اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو گئیں لیکن پھر بھی جناح اسٹیڈیم کو بھرنے میں ناکام رہیں اور اپوزیشن جماعتیں جلسہ گاہ میں 17 سے 18 ہزار افراد کو اکٹھا کرنے میں کامیاب رہیں۔