ریسکیو ٹیموں نے حفیظ سنٹر میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا

فائر فائٹرز نے چیلنجنگ آپریشن کرکے 60 فیصد سے زائد پلازے کو محفوظ بنا لیا ہے، پلازے میں 25 افراد کو ریسکیو کیا گیا، کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 اکتوبر 2020 20:44

ریسکیو ٹیموں نے حفیظ سنٹر میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2020ء) ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ہے کہ حفیظ سنٹر میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، فائر فائٹرز نے چیلنجنگ آپریشن کرکے 60 فیصد سے زائد پلازے کو محفوظ بنا لیا، پلازے میں 25 افراد کو ریسکیو کیا گیا ،کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے گلبرک میں حفیظ سنٹر میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔

فائر فائٹرز نے آج چیلنجنگ آپریشن کیا اور 60 فیصد سے زائد پلازے کو آگ کی لپیٹ سے محفوظ بنا یا ہے۔بیسمنٹ ، گراؤنڈ، فرسٹ اور سیکنڈ فلور کے ساتھ پلازے کے پچھلے حصے کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ جب پلازے میں جاکر فائر فائٹنگ کی اور پلازے کے پچھلے حصے کو محفوظ بنالیا گیا ہے، رات بھر کولنگ کا عمل ضرورت کے تحت جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

کیونکہ تھوڑی تھوڑی آگ سلگتی رہے گی، جس پر فوری قابو پایا جائے گا۔

پلازے میں پلاسٹک اور دوسرا سامان تھا، بیٹریز بھی تھیں جن کو چارجنگ پر لگایا ہوا تھا۔جس سے آگ پر قابو پانے میں ٹائم لگا۔ آگ سے 30 فیصد پلازہ متاثر ہوا ہے۔آرمی ، رینجرز ، واسا سب نے ملکر ہمارے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔اگر ساری ریسکیو ٹیمیں نہ ہوتیں تو شاید سارا پلازہ جل جاتا۔انہوں نے کہا کہ حفیظ سنٹر میں 25 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، چھت پر بھی جو لوگ تھے ان کو بھی اتارا گیا ہے۔

کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔یاد رہے لاہور میں موبائل اور کمپیوٹرسامان کی سب سے بڑی مارکیٹ حفیظ سنٹر کے پلازے میں آگ لگنے سے تاجروں کا کروڑ وں مالیت کا سامان جل کرراکھ ہوگیا ہے۔ دوسری جانبآتشزدگی کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر لاہو رکی سربراہی میں14 کمیٹی بنا دی ہے جو چوبیس گھنٹوں میں ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی جبکہ سات روز میں مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی۔

کمیٹی آتشزدگی کے حقائق کو سامنے لا کر مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لئے بھی سفارشات پیش کر ے گی ۔کمشنر لاہو رڈویژن کے مطابق ابتدائی معلومات کی بنا ء پر خدشہ ہے آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ لگی اس کی تحقیقات ہوں گی ۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے مطابق متاثرہ پلازے سے 25 افراد کو ریسکیو کیا گیا ، پلازے کو 2 حصوں میں تقسیم کر کے پچھلے حصے کو آگ سے بچا لیا گیا ہے۔