حکومت غریب آدمی کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں مالی امداد فراہم کر رہی ہے : اعجاز عالم آگسٹین

منگل 20 اکتوبر 2020 18:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ حکومت پنجاب بغیر کسی سیاسی مفاد کے انسانیت اور قوم کی خدمت پر یقین رکھتے ہوئے پوری کوشش کر ر ہی ہے ہیں کہ عوام کو درپیش تمام مسائل کا حل نکالا جائے۔کورونا وباکے دوران احساس پروگرام اور مختلف دیگر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب بیت المال غریب خاندانوں کی مالی امداد بڑھانے میں بھی سرگرم کردار ادا کررہا ہے جو کہ یقینی طور پر پاکستانی عوام کو کورونا وائرس اور دیگر وبائی امراض کا مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کر سکے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں چیئرمین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم امین سے ایک ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کورونا وبائ کے دوران پنجاب بیت المال کے کردار کو سراہا او ر امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی انسانیت کی خدمت میں ایسے ہی کردار ادا کیا جاتا رہے گا۔ملک اعظم نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ حال ہی میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں راشن تقسیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بیت المال اپنی مدد آپ کے تحت جہیز اور اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کرے گا تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت میں ایک قدم مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ قبل بہاول پور میں محکمہ انسانی حقوق کے اشتراک سے کورونا وائرس اور لاک ڈا ئون کے باعث معاشی طور پر متاثر ہونے والے ایک ہزار غریب، دیہاڑی دار اور مستحق افراد میں پنجاب بیت المال کی جانب سے راشن بیگز اور 50غریب، دیہاڑی دار اور مستحق افراد کو بلاامتیاز مجموعی طور پر 6لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے تھے۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب غریب، مستحق، دیہاڑی دار افراد میں بلاامتیاز راشن اور مالی امداد کی تقسیم ممکن بنا رہی ہے تاکہ عام آدمی کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث بہت جلد ملک پاکستان کو درپیش مسائل سے باہر نکل آئیں گے جبکہ حکومت پنجاب غریب آدمی کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں مالی امداد فراہم کر رہی ہے۔ جن میں مذہبی اقلیتیں بھی شامل ہیں تاکہ وہ معاشرتی طور ایک پر وقا ر زندگی گزار سکیں۔