Live Updates

بلاول بھٹو نے کوئٹہ جلسے میں شرکت کا اعلان کردیا

کوئٹہ جلسے میں شرکت کروں گا، اگر کوئٹہ جا نہ سکے تو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کروں گا: بلاول بھٹو

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 19:04

بلاول بھٹو نے کوئٹہ جلسے میں شرکت کا اعلان کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کوئٹہ جلسے میں شرکت کریں گے۔ اگر کوئٹہ جا نہ سکے تو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے جلسے میں شرکت کے لیے کوئٹہ جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین کے سلسلے میں گلگت بلتستان جا رہا ہوں، اور جس دن کوئٹہ جلسہ ہوگا، وہاں سے کوئٹہ جلسے میں شرکت کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئٹہ نہ جا سکا تو ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے سے خطاب کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جلسے میں عوام نے کھل کر بتا دیا کہ عوام حکومت سے تنگ ہے۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے شرمندہ ہوں ۔

کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری سندھ کے عوام کی توہین ہے۔ پولیس کی عزت میری عزت ہے، اس سارے معاملے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خبریں آ رہی تھیں کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کوئٹہ جلسے میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی غیر حاضری میں پی پی کی سینیر قیادت جلسے میں پارٹی کی نمائندگی کرے گی۔ سامنے آنے والے ناموں کے حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ یوسف رضا گیلانی یا راجہ پرویز اشرف پی پی کی نمائندگی کریں گے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ( پی ڈی ایم ) کو بلاول کی مصروفیات اور جی بی کی الیکشن مہم سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔پی ڈی ایم کا کوئٹہ میں جلسہ25اکتوبرکو ہوگا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات