آئی جی سندھ سمیت تمام سینیئر افسران کی چھٹی کی درخواستیں نامنظور

کسی بھی افسر کو چھٹی نہیں ملے گی، تمام سینیئر افسران اپنے عہدوں پر کام جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ کی ہدایات

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 20 اکتوبر 2020 22:18

آئی جی سندھ سمیت تمام سینیئر افسران کی چھٹی کی درخواستیں نامنظور
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) سندھ حکومت نے آئی جی سندھ سمیت تمام سینیئر افسران کی چھٹی کی درخواستیں رد کر دیں، کام جاری رکھنے کی تلقین۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس کے سینیئر افسران کی چھٹی کی درخواست منظور نہیں کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کے مطابق کسی بھی افسر کو چھٹی نہیں ملے گی۔

تمام افسران اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے ۔ محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق تمام افسران اپنے عہدوں پر کام جاری رکھیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں آئی جی سندھ سمیت دیگر افسران سے ملاقات کی تھی ۔ بلاول بھٹو کی آئی جی سندھ مشتاق مہر سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ثاقب اسماعیل میمن، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس پی توقیر نعیم، ایس پی فرخ بشیر ودیگر سینئر افسران بھی موجود تھے، ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے آئی جی سندھ سے چھٹی کی درخواست واپس لے کر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی ۔ واضح رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک تصویر کے ساتھ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے لکھا کہ " میں سندھ پولیس کے ساتھ کھڑا ہوں، کیا آپ بھی ؟
تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاول بھٹو آئی جی سندھ اور سندھ پولیس کے سینیئر افسران کے ہمراہ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے معاملے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ سندھ پولیس پر دباؤ ڈال کر گرفتاری کروائی گئی۔ جس کے باعث آئی جی پولیس سندھ مشتاق مہر نے غیرمعینہ مدت کیلئے چھٹیوں کی درخواست دی تھی، جبکہ دیگر اعلیٰ افسران نے بھی چھٹیوں پر جانے کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔