Live Updates

محمد صفدر کے بعد مریم نواز کی باری، گرفتاری کا عندیہ دے دیا گیا

مریم نواز بار بار کہہ رہی ہیں مجھے بھی گرفتارکر لو، انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا، کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں: وفاقی وزیر فیصل واوڈا

muhammad ali محمد علی منگل 20 اکتوبر 2020 23:53

محمد صفدر کے بعد مریم نواز کی باری، گرفتاری کا عندیہ دے دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اکتوبر2020ء) محمد صفدر کے بعد مریم نواز کی باری، گرفتاری کا عندیہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے مریم نواز کی گرفتاری کا عندیہ دیا۔ فیصل واوڈا نے نواز شریف کی صاحبزادی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز بار بار کہہ رہی ہیں کہ مجھے بھی گرفتارکر لو، تو وہ سن لیں انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا، کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔

محمد صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سندھ پولیس نے پہلےٹوئٹ کیا جس میں کہا گیا کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے داماد کیخلاف قانون کے مطابق ہی تحقیقات کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ بھی کہتے ہیں قائد کے مزار پر جو ہوا وہ غلط تھا۔ آئی جی سندھ کو اغوا کرنے کے الزامات اور قیاس آرائیوں کے حوالے سے فیصل واوڈا کہتے ہیں کہ آئی جی کے گھر کے پاس کیمرے لگے ہوئے ہیں۔

کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کریں ثبوت سامنے لائیں۔ اتنی دیر تک خاموس رہنے کے بعد آئی جی سندھ کا بیان اب کیوں سامنے آ رہا ہے؟ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عوام اور اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ بیانیہ نوازشریف نے لندن سے شروع کیا تھا۔ فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا ہے کہ عدلیہ اور اداروں پردباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

لیکن اپوزیشن والے یاد رکھیں کہ عمران خان 100 مرتبہ حکومت قربان کردیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مزار قائد بے حرمتی کیس میں شوہر محمد صفدر کی گرفتاری کے بعد مریم نواز نے کہا تھا کہ جو انہیں گرفتار کرنا چاہتا ہے، آ کر گرفتار کر لے۔ کسی میں ہمت ہے تو انہیں سرعام گرفتار کر کے دکھائے۔ یہ بھی یاد رہے کہ مریم نواز عدالت سے سزا یافتہ مجرم ہیں۔ انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں والدہ کے انتقال پر انہیں ضمانت پر رہائی ملی تھی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات