بال ٹیمپرنگ کے ماہر نے سندھ میں ’’وردی‘‘ کے مقابل ’’وردی‘‘ کو لاکھڑا کیا ہے،حافظ حسین احمد

عمران نیازی طاقتور اداروں کی آڑ میں چھپنے کے بعد ’’وردی‘‘ کے مقابلے میں ’’وردی‘‘ کو ہی مدمقابل بنادیا ہے ، ترجمان جے یوآئی گوجرانوالہ میں بغاوت کے مقدمے کے بعد کیپٹن صفدر کی گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ نیازی پریشانی کا شکار ہوچکے ہیں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 اکتوبر 2020 14:35

بال ٹیمپرنگ کے ماہر نے سندھ میں ’’وردی‘‘ کے مقابل ’’وردی‘‘ کو لاکھڑا ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے ’’اسپیشلسٹ‘‘ اور امپائر کوساتھ ملاکر میچ فکسنگ کے ماہر نے ایک جانب صوبہ سندھ کی حکومت کو وفاق کے ’’نفاق‘‘ کا شکار کیا بلکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار صوبہ سندھ میں ’’وردی‘‘ کے مقابل ’’وردی‘‘ کو لاکھڑا کیا ہے ۔

وہ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا اور مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران نیازی بڑی ہوشیاری سے نہ صرف طاقتور اداروں کی آڑ میں چھپتے رہے ہیں اب وہ ’’وردی‘‘ کے مقابلے میں ’’وردی‘‘ کو لاکھڑا کردیا جو بادی النظر میں دونوں اہم اداروں کو خدانخواستہ ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ، خصوصاً اس وقت جب بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے، بلکہ پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام میں ہمہ تن مصروف ہے ان حالات میںصوبہ سندھ کی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت کا معاندانہ سازش خاکم بدھن کسی اور سانحہ کا موجب بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختیاری ، صوبوں کے وسائل اور ساحل پر صدارتی آرڈیننس کے ذریعہ ’’ڈاکہ‘‘ سمیت اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کی سازش بلکہ پارلیمانی نظام کو درپردہ صدارتی نظام میں تبدیل کرنے کا خفیہ پلان اب ڈھکی چھپی بات نہیں رہی، امپائر کے مرہون منت کپتان ’’مشرف دور‘‘ کے مہمان کھلاڑیوں اور کوچ کے ہاتھوں خود ’’کھلونا‘‘ بن چکے ہیں اور وہ مخالف ٹیم ’’اپوزیشن‘‘ سے فیئر پارلیمانی میچ کے بجائے فاؤل گیم اور بال ٹیمپرنگ کے ساتھ ساتھ امپائر کے ساتھ میچ فکسنگ کے بعد اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں ، جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسہ عام سے قبل شایدرہ تھانہ میں آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے تین وزراء اعظم ، تین جنرل اور اہم شخصیات سمیت 40افراد پر بغاوت کا مقدمہ کے بعد اب کراچی میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ پی ڈی ایم کے دو جلسوں نے ہی نیازی کو پریشان کر دیا ہے اس لیے وہ اس قسم کے اوٹ پٹانگ اقدامات کررہے ہیں۔