Live Updates

شبلی فراز نے وزیراعظم کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے

گذشتہ روز وزیراعظم نے وزراء کو خواتین پر بات کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا،وزیر اطلاعات شبلی فراز کی اگلے روز ہی کپڑوں اور میک اپ کو لے کر مریم نواز پر تنقید

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 21 اکتوبر 2020 17:36

شبلی فراز نے وزیراعظم کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیراطلاعات شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سیاست میں خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال ہوتا ہی رہتا ہے۔ماضی میں بینظیر بھٹو پر بھی مخالفین کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے جب کہ 8 جون 2016 ء کو مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس میں شیریں مزاری کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے جو ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے اور وڈیوز سوشل میڈیا پر بھی موجود ہیں۔

خواجہ آصف پر اس حوالے سے خاصی تنقید بھی کی گئی بعدازاں خواجہ محمد آصف نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو ٹریکٹر ٹرالی کہنے پر معذرت کرلی تھی۔انہوں نے موقف اختیار کیا کہ جان بوجھ کر یہ الفاظ ادا نہیں کئے جوش خطاب میں نکل گئے، شیریں مزاری مجھے بار بار پریشان کر رہی تھیں، غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر شرمندہ ہوں۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے مریم نواز سے متعلق نامناسب جملے استعمال کیے جاتے ہیں،گذشتہ روز کابینہ کا اجلاس ہوا تو وزیراعظم نے وزراء اور ترجمانوں کو ہدایت کی کہ خواتین پر جملے بازی سے گریز کیا جائے۔

گذشتہ روز وزیراعظم نے وزراء کو خواتین پر بات کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا،وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اگلے روز ہی کپڑوں اور میک اپ کو لے کر مریم نواز پر تنقید کی۔ آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز خود کو بینظیر بھٹو سمجھتی ہیں،لیکن بینظیر بھٹو ایک پڑھی لکھی خاتون تھیں اور ان کی اعلیٰ شخصیت تھی۔شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مریم نواز وراثت کی پیدوار ہیں۔صرف جوتوں ، کپڑوں اور میک اپ سے کوئی لیڈر نہیں بنتا۔ شبلی فراز کی اس گفتگو پر سوشل میڈیا پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ایک تقریر کے دوران مریم نواز کو نانی کہا تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات