گلشن اقبال میں رہائشی عمارت میں ہونے والا دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

دھماکے کے بعد عمارت کی حالت مخدوش ہے اور یہ رہنے کے قابل نہیں رہی، عمارت کے رہائشیوں کو متبادل جگہ فراہم کریں گے : صوبائی وزیر سعید غنی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 00:45

گلشن اقبال میں رہائشی عمارت میں ہونے والا دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) کراچی میں بلڈنگ میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سامنے آ گئی ہے ۔ دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلڈنگ میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق کراچی بلڈنگ میں ہونے والا دھماکہ گیس لیکیج کے باعث ہوا۔ دھماکے میں کسی بارودی مواد کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد عمارت کی حالت مخدوش ہے اور یہ رہنے کے قابل نہیں ہے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمارت کے رہائشیوں کو متبادل جگہ فراہم کریں گے ۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے میں 5افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، دھماکے کی وجہ سے 4منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ بھی گر گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا ، جس کی آواز دور تک سنی گئی ، اس دھماکے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ، جن میں سے 3 زخمیوں کی حالت نازک ہے ، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا تھا کہ یہ دھماکہ گلشن چورنگی کے قریب واقع ایک عمارت میں ہوا جس سے اس رہائشی عمارت کا ایک حصہ بھی گر گیا اور عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو زیادہ نقصان پہنچا ، اس کے ساتھ ساتھ دھماکے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ،رہائشی علاقہ ہونے کی وجہ سے دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، دھماکے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بس سٹاپ کے قریب بارودی مواد کے دھماکے میں 6افراد زخمی ہوگئے تھے ، تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ہونے والے اس دھماکے کے نتیجے میں 3افراد زیادہ زخمی ہوئے جب کہ 3افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، زخمیوں کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رکشوں میں ہسپتال منتقل کیا، قبل ازیں اس دھماکے کے بارے میں کہا گیا کہ یہ دکان میں ہونے والا سلنڈر دھماکہ تھا، تاہم بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی طرف سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا گیا تو اس میں تصدیق ہوئی کہ وہاں سے سلنڈر کا کوئی بھی ٹکڑ انہیں ملا،بلکہ یہ کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں بس سٹاپ کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ تھا ، جس کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے۔