مقبوضہ کشمیر میں قائداعظم اور عمران خان کے پوسٹرز آویزاں،بھارت میں کھلبلی

پاکستان ہماری شہ رگ ہے،میں کشمیریوں کا سفیر ہوں،سلوگن آویزاں

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 اکتوبر 2020 06:15

مقبوضہ کشمیر میں قائداعظم اور عمران خان کے پوسٹرز آویزاں،بھارت میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اکتوبر2020ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتیوں نے جو کھیل رچا رکھا ہے اس پر ساری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے تاہم پاکستان ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آواز اٹھا رہا ہے اور بھارت کو اس ظلم اور سفاکیت سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کے لیے ہر قسم کے اقدامات بھی کر رہا ہے۔گزشتہ برس یو این او کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب نے دنیا بھر میں کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا ایک واضح موقف سامنے رکھا۔

اس کے بعد پاکستانی نقشے میں ترمیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو شامل کرنا بھی ایک بڑا قدم تھا۔تاہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی اصل جنگ وہاں کے عوام لڑ رہے ہیں جہاں آئے روز شہادتوں کے نذرانے بھی پیش کیے جاتے ہیں۔انڈیا نے اپنے آرٹیکل میں ترمیم کر کے جس طرح سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کی کوشش کی ہے اس کی ہر سطح پر مذمت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب یوم سیاہ منانے کے لیے کشمیریوں نے قائد اعظم ،عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تصویروں کے بینرز لگا دیے ہیں۔یہ بینرز اور پوسٹرز لگنے کے بعد بھارت میں کھلبلی مچ گئی ہے اور بھارتی فورسز پریشان ہیں۔سری نگر میں جموں کشمیر لبریشن الائنس کی جانب سے لگائے گئے پوسٹرز پر قائداعظم کی تصویرکے ساتھ ’پاکستان ہماری شہ رگ ہے‘بھی لکھا ہے۔

پوسٹرز پر صدر عارف علوی کی تصویرکے ساتھ’آزادی کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے‘اور وزیراعظم عمران خان کی تصویر کے ساتھ ’کشمیریوں کے لیے ہر سطح پر ہر قسم کا تعاون کریں گے‘کے بیانات بھی درج ہیں۔مقبوضہ وادی میں27 اکتوبر کی بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منانے کے پوسٹرز بھی لگائے گئے ہیں۔خیال رہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارتی افواج نے وادی کشمیر پر جارحیت کر کے ناجائز قبضہ کیا تھا۔اب یہی یوم سیاہ منانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ا س قسم کے پوسٹرز لگائے گئے ہیں جن سے متعلق بھارت میں خاصی تشویش پائی جا رہی ہے۔