جشن عید میلادالنبی ﷺ، ثروت اعجاز قادری کی ایک روزہ دورے پر حیدرآباد آمد، فقید المثال استقبال کیا گیا

فرانس میں گستاخانہ خاکے شائع کئے جارہے ہیں ،عالم اسلام کے مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے سرکار دو عالم کی عزت و ناموس ہمارے لئے ریڈ لائن ہے جو اسے کراس کرنے کی کوشش کرے گا اسے نیست و نابود کر دیں گے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

پیر 26 اکتوبر 2020 22:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچے جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا اوراس دوران فضا ء لبیک یا رسول اللہ ،مرحبا یا مصطفی کے نعروں سے گونج اٹھی ،کارکنان سربراہ پاکستان سنی تحریک کو ریلی کی صورت میں جامع غوثیہ مسجد یونٹ نمبر 6 ،مرکزی جامع مسجد تعلیم القران یونٹ نمبر 5 اور اکبر جامع مسجد پکا قلعہ لے کر پہنچے جہاں ثروت اعجاز قادری نے میلاد مصطفی کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد منانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس سے ہم کسی صورت دستبردار نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکے شائع کئے جارہے ہیں جس سے عالم اسلام کے مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر طیب اردگان نے فرانسیسی صدر کو پاگل قرار دیا تو فرانس نے اپنے سفیر کو یہ کہہ کر ترکی سے واپس بلا لیا کہ اس سے ہمارے صدر کی توہین ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فرانسیسی صدر کی توہین فرانس کو برداشت نہیں تو ہم اپنے پیارے نبی کی توہین کس طرح برداشت کرسکتے ہیں ۔

ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ سرکار دو عالم کی عزت و ناموس ہمارے لئے ریڈ لائن ہے جو اسے کراس کرنے کی کوشش کرے گا اسے نیست و نابود کر دیں گے، ہم وزیراعظم پاکستان ،آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا علان کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کی تقریبا ت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام کیا کہ کیا تمہیں 70 سالوں میں پینے کا صاف پانی ملا، سڑکیں ملی، روزگار ملا ہے، مہنگائی ختم ہوئی، علاج معالجے کی سہولت ملی ں اورکیا ہمارے بچوں کو تعلیم جیسی سہولت ملی ہے، اگر اس کا جواب نفی میں ہے تو پھر ایک مرتبہ نبی کے غلاموں کو آزما کر دیکھو اور اس ملک میں نظام مصطفی کی بہاریں لا کر دیکھو جس مقصد کے لئے اس ملک کو بنایا گیا تھا اس مقصد کے نفاذ کے لئے ہمارا ساتھ دو۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ملک میں قرآن و سنت کا قانون موجود ہے ہمیں کسی اور قانون کی ضرورت نہیں ہے اور ہم قرآن و سنت کو ہی سپریم لا ء مانتے ہیں اور اسی کو اپنے ملک میں نافذ کریں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 70 سالوں سے اقتدار کے مزے لینے والے اقتدار سے محروم ہونے کے بعد سڑکوں پر تماشہ لگا رہے ہیں اوریہ لوگ عید میلادالنبی ﷺکے مقدس ایام میں ہی احتجاج کرتے نظر آتے ہیں ۔

اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا پیر محمد خالد حسن عطاری، صوبائی رہنما محمد عمران سہروردی، ضلعی صدر محمد عابد قادری، اراکین ضلعی کمیٹی بچل بلوچ سلطانی، محمد شفیق میئو، سید ساجد علی کاظمی، علامہ غلام حسین ،علامہ حسین عارف، مولانا عبد الماجد اور علامہ وقار مدنی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔