یورپ کی مایہ ناز کمپنی کا پاکستان میں 4 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ

ای جی وی یورپ کی بڑی بسز مینوفیکچر کمپنی ہے، اب ای جی وی پاکستان کے لئے ایکٹرک بسز بنائے گی، الیکٹرک وہیکلز کی پیداواری صنعت میں بھارت سے آگے جائیں گے، دو تین سالوں میں پورا موٹروے نیٹ ورک الیکٹرک وہیکل چارجنگ پر شفٹ ہوجائے گا: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری

muhammad ali محمد علی جمعرات 29 اکتوبر 2020 00:05

یورپ کی مایہ ناز کمپنی کا پاکستان میں 4 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2020ء) یورپ کی مایہ ناز کمپنی کا پاکستان میں 4 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ای جی وی یورپ کی بڑی بسز مینوفیکچر کمپنی ہے، اب ای جی وی پاکستان کے لئے ایکٹرک بسز بنائے گی۔ یہ الیکٹرک بسز کا ہمارا دوسرا کنٹریکٹ ہے، یہ کنٹریکٹ برطانوی کمپنی کے ساتھ کیا گیا ہے۔

وزارت سائنس اور نجی کمپنی میں الیکٹرک بسز کے حوالے سے حال ہی میں یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر سائنس کا کہنا ہے کہ روٹین کے آلو مٹر بیچ کر پاکستان کو ترقی نہیں دلا سکتے، ٹیکنالوجی سے پاکستان کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ ہمارے ملک میں موٹر سائیکل پر پانچ افراد سفر کر رہے ہوتے ہیں، فیملی کے لئے تھری ولر رکشہ لانے کا سوچ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں ایسے منصوبے لانے چاہئیں جن میں حکومت کو زیادہ پیسہ خرچ نہ کرنا پڑے، ہم جے ایف سیون ٹین تھنڈر اور خالد ٹینک بنا رہے ہیں لیکن اپنا ٹی وی، موبائل اور دیگر الیکٹرانک اشیاء نہیں بنا سکے۔ الیکٹرک بسوں کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین شہروں میں بسز چلائیں گے، اب ہم الیکٹرک گاڑیوں میں انڈیا کا مقابلہ کریں گے۔

الیکٹرک بسز میں بہت جلد ہم انڈیا کو پکڑ لیں گے، اگلے دو تین سالوں میں پورا موٹروے نیٹ ورک الیکٹرک وہیکل چارجنگ پر شفٹ ہوجائے گا۔ جب ایسی کمپنیز پاکستان میں آرہی ہوں یہاں کا میڈیا دیکھ کر ان کو ڈر نہیں لگنا چاہیے۔ پاکستان کیساتھ معاہدے کے حوالے سے سی ای او نجی کمپنی ای جی وی نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان میں آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، الیکٹرک وہیکلز میں حکومت کی پالیسیز پسند آرہی ہیں، ہم بھی پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔