اسلام دشمن عناصر کو اینٹ کاجواب پتھر سے دیں گے تاکہ آئندہ کے لئے وہ اِس قسم کے مذموم حرکات کرنے سے قبل سو مرتبہ سوچیں‘حاجی عزیز اللہ خان

جمعرات 29 اکتوبر 2020 14:47

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) امیر جماعت اسلامی ضلع لکی مروت حاجی عزیز اللہ خان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر شدید تشو یش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان حضرت محمدؐ اور دین اسلام کی شان میں گستاخی کرنے پر نہ صرف فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے بلکہ اسلام دشمن عناصر کو اینٹ کاجواب پتھر سے دیں گے تاکہ آئندہ کے لئے وہ اِس قسم کے مذموم حرکات کرنے سے قبل سو مرتبہ سوچیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے حاجی عزیز اللہ خان نے فرانس میں ایک عمارت پر گستاخانہ خاکوں کو آویزاں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرانس سمیت مغربی ممالک حضرت محمد ؐ کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوکر مسلمانوں کی دل آزاری کررہے ہیں اور یہ سب مسلمانوں کی نااتفاقی اور باہمی کھینچا تانی کا نتیجہ ہے ۔اُنہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے کردار پر کئی سوالات اُٹھاتے ہوئے ان کی خاموشی کو معنی خیزقرار دیا اور پوری اُمت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک فرانس کیساتھ ہر قسم کے تعلقات کو ختم کر دیں اور مارکیٹ میں دستیاب فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔