ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر افواجِ پاکستان کا سخت ردعمل

وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں انتہائی واضح اور معنی خیز پیغام دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 29 اکتوبر 2020 16:58

ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر افواجِ پاکستان کا سخت ردعمل
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) گذشتہ روز قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے بھارتی پائلٹ ابھینندن کے حوالے سے کچھ متنازع باتیں کیں،ایاز صادق نے کہا کہ ابھینندن کو بھارت واپس بھیجنے پر حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے۔شاہ محمود پسینے میں شرابور تھے اور ان کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔ایاز صادق نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت حملہ کر دے گا لہذا ابھینندن کو واپس جانے دیں۔

لیگی رہنما کے بیان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا۔جب کہ سینئر صحافیوں نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی رازوں سے پردہ نہیں اٹھانا چاہئیے تھا۔ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر افواجِ پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ ابھینندن کی رہائی کرکے پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا،لیکن کل قومی سلامتی سے متعلق معاملات کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان نے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور منہ کی کھانی پڑی۔

(جاری ہے)

پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان نے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور منہ کی کھانی پڑی۔ لیکن پاک فوج نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا، افواج پاکستان کے چوکنا جہازوں کو دیکھ کر بم پھینک کر بھاگ گئے۔ ہم نے دشمن کے دو جنگی جہاز مار گرائے اور ونگ کمانڈر کو گرفتار کرلیا، دشمن اتنا خوفزدہ ہوا کہ بدحواسی میں اپنا ہی جہاز مار گرایا۔

اللہ کی نصرت سے ہمیں واضح فتح نصیب ہوئی۔ اللہ کی نصرت سے ہمیں ہندوستان کے خلاف واضح فتح نصیب ہوئی، پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا اور مسلح افواج سرخرو ہوئی۔ حکومت پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست اور امن کو راستہ دیتے ہوئے جنگی قیدی کو رہا کیا۔انہوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان نے پہلے اپنی صلاحیت اور قابلیت کا مظاہرہ کیا۔پاک فوج نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن کا واضح پیغام بھی دیا۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم عمران خان کے مابین ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کی اور ایاز صادق کی جانب سے دئیے گئے بیان پر واضح ردعمل دیا۔