پشاور، خطرناک ڈکیت گروہ گرفتار، 50لاکھ روپے برآمد

جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) کیپٹل سٹی پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی راہزنی کا سراغ لگا کر ایک سہولت کار سمیت چھ رکنی راہزن گروہ کو گرفتار کر لیا، ملزمان کی نشاندہی پر لوٹی گئی رقم 50 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے، ملزمان میں سے تین کا تعلق ضلع باجوڑ، جبکہ بقیہ کا تعلق ضلع سوات، چارسدہ اور پشاور سے ہے، ملزمان نے ایک ماہ قبل تھانہ فقیر آباد کی حدوددین بہار کالونی میں کرنسی ڈیلر کو نشانہ بناتے ہوئے اس سے کروڑوں روپے چھینے تھے جس کے بعد ملزمان پشاور سے تعلق رکھنے والے سہولت کار کے ساتھ رات گزارنے کے بعد اپنے اپنے علاقوں کو فرار ہوئے تھے، گرفتار ملزمان میں سے تین اس سے قبل بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہوئے ہیں، تمام ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان مزید اہم اور سنسنی خیزا نکشافات کی توقع کی جار ہی ہے تفصیلات کے مطابق مدعی حکمت اللہ ولد شمس الرحمان نے تھانہ فقیر آباد پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ اپنے گاڑی میں پیسے لر کر گھر جا رہا تھا کہ دین بہار کالونی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اس سے تین کروڑ روپے چھین کر فرار ہو گئے جس پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن منصور امان کی سربراہی میں ایس پی سٹی وقار عظیم اور اے ایس پی فقیر آباد حیدر علی پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا جس کے دوران تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرنے سمیت جیل سے رہا ہونے والے ملزمان کا بھی ڈیٹا اکٹھا کیا جس کے دوران واردات میں ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کر ایک سہولت کار سمیت چھ ملزمان وزیر ولد عبدالرحمان، عبدالقادر ولد غلام قادر، عبدالولی ولد ولایت خان ساکنان باجوڑ، اسماعیل ولد اورنگزیب سکنہ سوات، عثمان ولد محمد دین اور سہولت کار شیر علی ولد نور سکنہ یوسف آباد پشاور کو گرفتار کر لیا، تمام ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مسلح راہزنی میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے واردات کے بعد رات سہولت کار شیر علی کے گھر گزارنے کے بعد اپنے اپنے علاقوں کو فرار ہو نے کا انکشاف کیا ہے جن کے قبضہ سے چھینی گئی رقم میں سے 50 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے ہیں،عبدالولی، شیر علی اور اسماعیل اس سے قبل میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں گرفتارہو چکے ہیں، تمام ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے