بھارت میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا

ہم نے بھارت کو گُھس کے مارا ہے، پلوامہ میں کامیابی عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کی کامیابی ہے، پلوامہ واقعے کے بعد شاہینوں نے بھارت کو گھس کے مارا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 اکتوبر 2020 21:43

بھارت میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے بیان پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2020ء) بھارت میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کے بیان پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے بھارت کو گُھس کے مارا ہے، پلوامہ میں کامیابی عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کی کامیابی ہے، پلوامہ واقعے کے بعد شاہینوں نے بھارت کو گھس کے مارا۔ تفصیلات کے مطابق آج جمعرت کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سردار ایاز صادق کو ریاست کی ایک سرگرمی میں عزت دی گئی، اس میں شامل کیا گیا، لیکن آپ اسمبلی کے فلور کے اوپر باتیں کررہے ہیں، پھر جھوٹ اتنے سے بولتے ہیں کہ جھوٹا شخص بھی کیا بات کرے گا؟ ایاز صادق نے ایوان میں بات کی شاہ محمود قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں کہ ہندوستان حملہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ہم نے تو ہندوستان کو گھس کے مارا ہے، پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ کے واقعے کے بعد جس طریقے سے ہم نے گھس کر ہندوستان کو مارا۔ جس طریقے پاکستان کے شاہینوں نے گھس کر مارا، ہندوستان کی پٹائی کی، اس پر ہندوستان کا اپنا میڈیا شرمندہ ہے۔

آپ کہتے ہیں کہ ہماری ٹانگیں کانپ رہی تھیں؟ کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ہم ہیں تاہم کئی دفعہ نادانی میں بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ 
 وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پر تنقید ضرور کریں مگرریاست کو نشانہ نہ بنائیں، نوازشریف کا مسئلہ 8 کیس ہیں اور کیس حل ہو جائیں تو فوج بھی ٹھیک اور عمران خان بھی بہترین وزیراعظم بن جائیں گے۔

فواد چودھری نے ٹویٹر پر بھارتی میڈیا کے ٹویٹس کا جواب بھی دیا اور ان کو آگاہ کیا کہ آپ پہلے میری پوری تقریر سنیں پھر ردعمل دیں۔ آپ میری تقریر کے سیاق واسباق کو تبدیل نہ کریں۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بعض لوگ فٹ بال کھیلتے کھیلتے ایوان میں آگئے ہیں، اپوزیشن گلی گلی پھر رہی ہے، کبھی اِس گلی کبھی اس گلی، حکومت پر تنقید ضرور کریں مگر ریاست کو نشانہ نہ بنائیں۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں اسپیکر کے ساتھ اپوزیشن کے رویے پر بھی تنقید کی کہ آئین میں آرٹیکل 53 اسپیکر کی تکریم سے متعلق ہے، اسپیکر کا آفس جب سے بنا ہے اس کی عزت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 53 کہتا ہے کہ اسپیکر کی کرسی کا احترام لازم ہے، اپوزیشن اس ایوان کے تقدس کی زیادہ بات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین جلسے ہوئے اور تین بیانیے سامنے آئے ہیں، پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا کہ فوج اور عدلیہ ملک کے مخالف ہیں، نواز شریف کا مسئلہ 8 کیس ہیں۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اگر کیسز حل ہو جائیں تو فوج بھی ٹھیک اور عمران خان بھی بہترین وزیراعظم بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی بالکل پی ڈی ایم غیر قانونی نہیں ہے۔