حکومت کا عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ

حکومت نے عید میلاد النبی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں ایک ماہ کی کمی کی منظوری دے دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 30 اکتوبر 2020 16:28

حکومت کا عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر2020ء) حکومت نےعید میلا النبی ﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سرکار دوعالم خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت آج انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔یوم ولادت نبی پاک ﷺ کے موقع پر صوبائی دار الحکومتوں کراچی، لاہور ، کوئٹہ اور پشاور میں 21 ، 21 توپوں جب کہ وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں رات بھر چراغاں کیا گیا۔

اس موقع پر حکومت نے عید میلاد النبی کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں قیدیوں کی سزا میں ایک ماہ کی کمی کر دی گئی ہے۔وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد سزاؤں میں تخفیف کے لیے صوبوں اور گلگت بلتستان کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔

(جاری ہے)

دو تہائی سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کی سزاؤں میں بھی ایک ماہ کی کمی ہوگی اور 18 سال سے کم عمر قیدیوں کی سزاؤں میں تیس دن کی معافی دی گئی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی، ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث، کرپشن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدیوں کی سزاؤں میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت کی طرف سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺمنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ہفتہ عشق رسولﷺ12سے18ربیع الاول تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نبی آخرالزماں ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اورخاکوں کے معاملہ پر وزیر مذہبی امور کی طرف سے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانےکی تجویز دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کیا ، اور وزئراعظن نے ہفتہ عشق رسولﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ، جب کہ وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق دیگر صوبے بھیہفتہ عشق رسولﷺمنائیں گے۔