اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ حکومت کو نہیں ریاست کو کمزور کر رہا ہے، اپوزیشن کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہو گیا ہے، ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 23:24

اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ حکومت کو نہیں ریاست کو کمزور کر رہا ہے، اپوزیشن ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا بیانیہ حکومت کو نہیں ریاست کو کمزور کر رہا ہے، ان لوگوں کو ملک کی بقائ سے زیادہ اقتدار اور ذاتی مفادات سے محبت ہے، جس ملک نے انہیں سب کچھ دیا، آج اسی ملک کو توڑنے کیلئے دھمکیاں دے رہے ہیں کہ ہم ریاست کے اور بھی راز افشاں کریں گے، اپوزیشن رہنما کیا تاثر دے رہییہی کہ یہ ریاست سے باغی ہو گئے ہیں اور ریاست ان کے ماتحت ہے، ایاز صادق صرف کٹھ پتلی ہیں اور وہ نواز شریف کی تھپکی کے بغیر کچھ نہیں کر سکتے، اپنے بیان پر شرمندہ ہونے کی بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اپوزیشن کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہو گیا ہے، عوام اور نہ ہی حکومت ان کے بیانیے کو برداشت کرے گی اور حکومت کسی کو بھی ریاست کے خلاف بیان بازی کرنے کی اجازت نہیں دے گی، بھارت نے اگر ہماری سرزمین پر قدم رکھنے کی کوشش کی تو ہم بھارت میں گھس کر اس کا ایسا بھرکس نکالیں گے کہ یاد رکھے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ملک مخالف بیانیے سے ن لیگ کے اندر چپقلش چل رہی ہے، ان کی اپنی جماعت کے لوگ بھی ان کے بیانیے کو تسلیم نہیں کر رہے اور وہ ان سے دوری اختیار کر رہے ہیں، عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر رہنما بھی ن لیگ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ میں فیصلے کرنے والے مسلم لیگ پاکستان بنا لیں، ایسے لوگوں کو جماعت سے الگ کریں جو ریاست مخالف باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق دشمن ملک کی شکست کو فتح اور پاکستان کی فتح کو شکست میں بدلنا چاہتے ہیں، وزرا جب حلف اٹھاتے ہیں تو ریاست کے راز ان کے پاس قوم اور ملک کی امانت ہوتے ہیں، وہ سیاسی مفادات کیلئے استعمال نہیں کر سکتے لیکن اپوزیشن جماعتیں کس ڈھٹائی سے ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ کس منہ سے پاکستانی ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جھوٹ بولنے میں ن لیگ کا کوئی ثانی نہیں ہے، نواز شریف نے اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کے حوالے سے پارلیمنٹ کے فلور پر جھوٹ بولا تھا، نواز شریف تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے، اس ملک نے انہیں سب کچھ دیا، جو لوگ سائیکل پر تھے وہ بدعنوانیوں کے ذریعے کھربوں پتی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اور شخصیات آنے جانے والی چیز ہے، یہ ملک ایک خاص مقصد اور نظریے کی بنیاد پر بنا تھا، آج تک جس نے بھی اس ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اللہ تعالی نے اس کو رسوا کیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے بدعنوان قائدین خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، اپوزیشن جماعتیں سوالات کا جواب نہیں دینا چاہتیں اسلئے یہ سب کچھ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش میں رہتے ہیں، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون سازی کے دوران بھی اپوزیشن دشمن کے بیانیے کی تائید کر رہی تھی، اپوزیشن نے پوری کوشش کہ قانون پاس نہ ہو اور احتساب قانون میں ترامیم کیلئے حکومت سمجھوتہ کرے لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیلئے اقتدار سے زیادہ ملک اہم ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں خاندان سمجھتے ہیں کہ اس ملک میں صرف انہیں حکمرانی کرنے کا حق ہے اور کسی کو نہیں، یہ لوگ جب الیکشن جیت جائیں تو سب ٹھیک اور ہار جائیں تو سب کچھ غلط۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیلئے ہر دن اور ہر سال اہم ہے، حکومت ملک کو مہنگائی سمیت درپیش دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے جبکہ اپوزیشن کا ایجنڈا ہے کہ حکومت پر دبائو ڈالو اور اپنے اثاثے بچا ئو، حکومت دبائومیں نہیں آئے گی، ملک لوٹنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔

ایاز صادق کے بیان کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قانونی ٹیم بیٹھی ہوئی ہے جس کے بعد دیکھیں گے کہ ان کے خلاف کیا ایکشن لے سکتے ہیں۔\867