امریکامیں ایک لاکھ 26ہزار،برطانیہ میں 20ہزار نئے کیسوں کی تشخیص

امریکہ میں ایک ہزار سے زیادہ افرادچل بسے،برطانیہ میں ایک دن میں 156اموات ریکارڈ

پیر 9 نومبر 2020 12:57

امریکامیں ایک لاکھ 26ہزار،برطانیہ میں 20ہزار نئے کیسوں کی تشخیص
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2020ء) امریکامیں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے ایک لاکھ 26 ہزار سے زیادہ اور برطانیہ میں 20 ہزار سے زیادہ نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ امریکا میں پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار ایک ہزار سے زیادہ افراد چل بسے اور برطانیہ میں ایک دن میں 156 اموات ہوئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جان ہوپکنز یونیورسٹی کے فراہم کردہ اعدادوشمار میں بتایاگیاکہ امریکا میں 3 نومبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات کے بعد سے گذشتہ چار روز میں کرونا وائرس کے ایک لاکھ سے زیادہ یومیہ کیس ریکارڈ کیے گئے ۔

یونیورسٹی کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق امریکا میں گذشتہ سات روز میں یومیہ کیسوں کی اوسطا تعداد دو ہفتے قبل کی یومیہ تعداد کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی ہے۔

(جاری ہے)

24 اکتوبر کو امریکا میں کرونا وائرس کے 64 ہزار سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 7 نومبر کو قریبا ایک لاکھ چار ہزار نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی تھی۔امریکا میں اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی یومیہ ہلاکتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

24 اکتوبر کو کووِڈ-19 کا شکار 801 افراد کی اموات ہوئی تھیں جبکہ 7 نومبر کو اس سے اموات کی تعداد بڑھ کر 930 ہوگئی ہے۔امریکا میں کرونا وائرس کی مہلک وبا پھیلنے کے بعد سے 98 لاکھ سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوچکی ہے۔ان میں سے 2 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ ہلاک ہوچکے ہیں۔گذشتہ سال چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے اس مہلک وائرس سے اب تک پانچ کروڑ کے لگ بھگ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ان میں سے 12 لاکھ سے زیادہ افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔