صوبائی وزیر صمصام بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار

وزیر برائے فشریز پنجاب نے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 نومبر 2020 11:14

صوبائی وزیر صمصام بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار
اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 12 نومبر 2020ء) پنجاب کے صوبائی وزیر سید صمصام بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، عالمی وباء کا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد وزیر برائے فشریز پنجاب نے کہا ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ چند روز قبل پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، سابق وفاقی وزیر کا گزشتہ رات کیا گیا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاہے، جس سے اس کی تصدیق ہوئی کہ قمر زمان کائرہ بھی عالمی وباء کا شکار ہوچکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما گلگت بلتستان میں ہونے الیکشن کے سلسلے میں وہاں اپنی جماعت کی انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راشد ربانی دو دفعہ کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث خالیق حقیقی سے جا ملے ، راشد ربانی کو ضیا الدین اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ، اس سے قبل بھی راشد ربانی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ، راشد ربانی کا شمار کراچی سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے ، وہ دو ماہ قبل کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد 30 قرنطینہ میں رہنے کے بعد ان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی تاہم جو اینٹی بوڈیز کا ٹیسٹ تھا اس میں اس بات کی تشخیص ہوئی کے راشد ربانی کو کورونا ہوا ہی نہیں تھا ، راشد ربانی کی طبیعت گزشتہ ایک ہفتے سے خراب تھی ، سانس لینے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دوبارہ مثبت آئی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ راشد ربانی کے پھیپھڑے اور سینے میں انفیکشن زیادہ تھا جس وجہ سے انہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا ، جس پر راشد ربانی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ، راشد ربانی کے اہلخانہ نے لوگوں سے دعائے صحت کی اپیل کی تھی ، کیوں کہ راشد ربانی کے پھیپھڑے دس فیصد آکسیجن لے رہے تھے ، جس وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر ہی رکھنا پڑا تھا ، لیکن وہ اس کے باوجود صحتیاب نہ ہوسکے اور عالمی وباء کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے ۔