پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا نیٹ ورک فعال ہوگیاہے ‘لیاقت بلوچ

عمران خان قومی کشمیر پالیسی اور بھارتی جارحانہ عزائم کے مقابلہ کے لیے متفقہ قومی ایکشن پلان نہیں بناسکے

اتوار 15 نومبر 2020 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم ،فاشزم اور بربریت کی انتہا کر رہاہے ، سیز فائر لائن پر بار بار گولہ باری کر کے معصوم شہریوں کو ہراساں کیا جارہاہے اور پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا نیٹ ورک فعال ہوگیاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے لاہور میں حاجی فیاض الحسن کے بیٹے اور عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری کے بھتیجے کی ولیمہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت دینا ، وزیر خارجہ ، ڈی جی آئی ایس پی آر کی مشترکہ پریس کانفرنس کرنا اچھا اقدام ہے لیکن یہ المیہ ہے کہ مسئلہ کشمیر اور بھارتی عزائم کے مقابلہ کے لیے عمران خان قومی کشمیر پالیسی اور بھارتی جارحانہ عزائم کے مقابلہ کے لیے متفقہ قومی ایکشن پلان نہیں بناسکے ۔

(جاری ہے)

کلبھوشن دہشتگرد کا مسئلہ حل نہیں کیا اور بھارتی دہشتگرد پائلٹ کو بھی عجلت اور بزدلی کی بنیاد پر چھوڑ دیا ۔

قومی سلامتی کو حقیقی خطرات لاحق ہیں ۔ اقتصادی نظام تباہ ہوچکاہے لیکن حکومت مخالفین کو غدار قرار دینے اور عوام پر ظلم پر ظلم ڈھانے میں مصروف ہے ۔ جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک حکومت اور اپوزیشن کو آئین کی حکمرانی ، عوامی قومی مسائل کے حل پر مجبور کر دے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکہ میں صدارتی انتخاب کا تنازع امریکی سپر پاور کی بنیادوں کو ختم کر رہاہے ۔

امریکہ کا صدارتی انتخابی عمل خود جمہوریت کا بحران ہے ۔ عالمگیر سیاسی انتخابی جمہوری بحران کے ماحول میں یہ نادر موقع ہے کہ پاکستان اپنے قیام کے مقاصد کے تحت اسلام کی حکمرانی میں آ جائے اور قیادت کے انتخاب کے لیے آئین کے مطابق شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات ہوں ۔ کنٹرولڈ اور انجینئرڈ جمہوریت قومی سلامتی ، قومی وحدت اور قومی اقتصادی نظام کے لیے زہر قاتل بن گئی ہے ۔