کراچی میں شادی ہالز کھولنے کی مشروط اجازت دے دی گئی

شادی ہال میں 300 سے زائد مہمانان کے داخلے پر پابندی رکھی جائے اور ہال کی چھت کا 40 فیصد حصہ کھلا رکھا جائے، شادی ہالز کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کر دی گئیں

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 20 نومبر 2020 19:22

کراچی میں شادی ہالز کھولنے کی مشروط اجازت دے دی گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2020ء) کراچی میں شادی ہالز کھولنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے ۔ کمشنر کراچی اور شادی ہالز مالکان کے درمیان کورونا ایس او پیز کے حوالے سے معاملات طے ہونے کے بعد ہالز کھولنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت شادی ہال مالکان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شادی ہالز سے متعلق نئی گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں ۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے واضح ہدایت دی ہے کہ شادی کی تقاریب کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کو سختی سے یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ شادی ہال میں 300 سے زائد مہمانان کے داخلے پر پابندی رکھی جائے اور ہال کی چھت کا 40 فیصد حصہ کھلا رکھا جائے۔

(جاری ہے)

شادی ہال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ کمشنر کراچی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہماری بات توجہ سے سنی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سے قبل پنجاب حکومت نے شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی لگا دی جس کا باقاعدہ نوٹفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی کا اطلاق 20 نومبر سے 31 جنوری تک ہو گا۔

شادی کی تقریبات کی اجازت کھلی جگہ پر ہو گی جہاں 300 افراد کے شریک ہونے کی اجازت ہو گی۔ عوامی اجتماعات میں 300 سے زائد افراد کے شریک ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔کھلی جگہ پر تقریبات میں ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہو گا۔تقریبات کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر بھی ماسک پہننا لازمی ہو گا۔شادی ہالز پر پابندی کا پنجاب امتناع وبائی امراض آرڈینسس کے تحت لگائی گئی۔ یہاں واضح ہو کہ شادی ہالز کے مالکان کی جانب سے حکومتی فیصلے پر شدید ردعمل دیا گیا تھا۔