جامعہ کراچی، 57 سیکیورٹی گارڈزمیں ملازمت کی مستقلی کے خطوط بدست شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی تقسیم

جمعہ 20 نومبر 2020 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ نامساعد مالی حالات اور کرونا وائر س کی درپیش صورتحال کے باوجود میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ،طلبہ اور انتظامی عملے کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔کسی بھی پیشہ میں ملازمت کی ضمانت فرض شناسی اور محنت کے جذبے میں اضافے کا باعث بنتی ہے کیونکہ پھر عملہ غیریقینی صورتحال میں مبتلاہونے کے بجائے ادارے کی ترقی کے لئے مثبت کرداراور اچھے نتائج دینے کے لئے کوشاں رہتاہے۔

جامعات میں زیر تعلیم طلبہ سے اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ وہ مستقبل میں قوم کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے اپنامثبت ،کلیدی کردار اداکریں گے اور ملک کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

آپ سب کو جامعہ کراچی کی ترقی اور یہاں پر زیر تعلیم اور آئند ہ آنے والے طلباوطالبات کے روشن مسقبل کے لئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیئے۔

مجھے امید ہے کہ آپ لوگ اپنے فرائض محنت اور لگن سے سرانجام دیں گے،ہم سب کو ملکر جامعہ کی ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا اسی صورت ہم اپنی جامعہ کو مزید بہتر بناسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے سیکیورٹی گارڈز میں ملازمت کی مستقلی کے خطوط کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مذکورہ تقریب میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والی57 سیکیورٹی گارڈزمیں بدست شیخ الجامعہ ملازمت کی مستقلی کے خطوط تقسیم کئے گئے۔

تقریب کا اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میںکیا گیا تھا۔اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹرمعیزخان،سیکیورٹی آفیسر محمد آصف،اسسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر حفصہ صدیقی اور محمد بشیر الدین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے سیکیورٹی گارڈ ز کے لئے تربیتی سیشنز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے اقدامات کرلئے گئے ہیں اور بہت جلد تربیتی سینشز کا آغاز ہوجائے گا۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی گارڈ ز کے بچوں کے لئے خصوصی اسکالرشپس پر بھی کام ہورہاہے اور بہت جلد اس حوالے سے آپ کو آگاہ کردیا جائے گا۔ شیخ الجامعہ نے مستقل ہونے والے سیکیورٹی گارڈ زکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت سیکیورٹی گارڈزآپ سب کی احسن طریقے سے ذمہ داریوں کی بدولت ادارے میں موجود اساتذہ،طلبہ اور انتظامی عملہ کیمپس میں اپنے آپ کو محفوظ سمجھتاہے۔

انہوں نے مستقل ہونے والے تمام سیکیورٹی گارڈز کو مبارکباد بھی پیش کی۔رجسٹرار جامعہ کراچی داکٹر عبدالوحید نے تمام سیکیورٹی گارڈ ز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقینا آج کا دن آپ سب کے لئے بہت خوشی کا دن ہے کیونکہ ملازمت کی مستقلی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ادارے کی پوری کوشش ہے کہ وہ آپ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں اور سب پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ بھی ادارے کی ترقی کے لئے اپنی توانائیاں خرچ کریں ۔

کیمپس سیکیورٹی ایڈوائرز ڈاکٹر معیز خان نے مستقل ہونے والے تمام سیکیورٹی گارڈ ز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کی ساکھ کو مزید بہتر بنانے کے لئے آپ سب کلیدی کردار اداکرسکتے ہیں ۔مجھے امید ہے کہ اب آپ لوگ مزید تندہی اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔