نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں،سعودی وزیرخارجہ

جہاں تک عالم اسلام کا تعلق ہے تو سعودی عرب اس کے لیے کنجی کی حیثیت رکھتا ہے،امریکی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 21 نومبر 2020 16:24

نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں،سعودی وزیرخارجہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے کہاہے کہ ان کا ملک نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔امریکی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ اس بات سے قطع نظر کہ وہ ریپبلکنز ہیں یا ڈیموکریٹس سعودی عرب تمام امریکی انتظامیاں کے ساتھ تعامل کرتا ہے۔

الجبیر کے مطابق منتخب امریکی صدر جو بائیڈن سیاست کے میدان میں بڑا اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ 35 برس تک سینیٹ میں رہے اور پھر نائب صدر کے منصب پر بھی کام کیا۔

(جاری ہے)

الجبیر نے توقع ظاہر کی کہ امریکا کی خارجہ پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔سعودی وزیر مملکت نے باور کرایا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدوار جو کچھ کہتے ہیں ،،، منصب پر فائز ہونے کے بعد ان کے افعال ان باتوں کی عکاسی نہیں کرتے۔

عادل الجبیر نے مزید کہا کہ خطے اور پوری دنیا میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان بہت سے امور کے متعلق مفادات ہیں۔ بالخصوص عالمی معیشت، تیل کی منڈیوں کا استحکام، توانائی کا امن اور شدت پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ اہم ترین ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جہاں تک عالم اسلام کا تعلق ہے تو سعودی عرب اس کے لیے کنجی کی حیثیت رکھتا ہے۔