پاکستان سمیت پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے، ، بشریٰ رند

ہم نے پہلے کی طرح کورونا سے بچاؤکے ضابطہ کار پر عمل کیا تو قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار اور معیشت کو بچانے میں کامیاب رہیں گے، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات

ہفتہ 21 نومبر 2020 22:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) پارلیمانی سیکر ٹر ی اطلاعات بشریٰ رند نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے، اگر ہم نے پہلے کی طرح کورونا سے بچاؤکے ضابطہ کار پر عمل کیا تو قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار اور معیشت کو بچانے میں کامیاب رہیں گے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے سے صورتحال تشویشناک ہو سکتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے احتیاط نہ کی تو ہسپتالوں پر دوبارہ دباؤ بڑھ سکتا ہے۔

اگر کورونا کیسز میں اضافہ کی یہی شرح برقرار رہی تو ملک میں پھر جون جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جب ہسپتالوں اور ڈاکٹروں پر شدید دباؤ تھا، موجودہ تناظر میں یہ صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے کیونکہ کورونا اب زیادہ شدت اور تیزی سے پھیل رہا ہے، یہ احتیاط کرنے کا وقت ہے، ایس او پیز پر عمل کیا گیا تو دوسری لہر کا مقابلہ کر سکیں گے، کورونا سے بچنے کا آسان طریقہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا ، ماسک کا باقاعدگی سے استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہے لہذا عوام الناس سے درخواست ہے کہ ہر صورت ماسک پہنیں اور غیر ضروری طور پر میل جول سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کرونا سے بچا ئو اور حفا ظتی اقدامات کی خود نگرانی کررہے ہیں ۔ان کی ہدایت ہے کہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ احتیا طی تدابیر کے حوالے سے آگا ہی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر کے دوران عوام نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا اور احتیاط برتی،کورونا کے پہلے مرحلہ میں بھی ہم نے مل کر کوششوں کے ذریعے کورونا کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی اور اگر موجودہ صورت حال میں بھی ہم نے ایس او پیز پر عمل کیا تو یقیناً اس خطرناک و عالمی وباء پر قابو پانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔