Live Updates

ن لیگ کے مزید رہنماوں نے نواز شریف کیخلاف بغاوت کر دی

بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستان کو توڑنا اور ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے، جبکہ قائد ن لیگ اسی جماعت کی زبان بول رہے ہیں، ان کا حال بھی بانی ایم کیو ایم کے جیسا ہوگا: ن لیگ خیبرپختونخواہ کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس

muhammad ali محمد علی اتوار 22 نومبر 2020 00:07

ن لیگ کے مزید رہنماوں نے نواز شریف کیخلاف بغاوت کر دی
بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) ن لیگ کے مزید رہنماوں نے نواز شریف کیخلاف بغاوت کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم نواز شریف کی جانب سے پاک فوج کیخلاف بیانات دیے جانے کے بعد سے ن لیگ کے اندر پیدا ہونے والی بے چینی اب ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ اب تک کئی لیگی رہنما نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کیخلاف آواز بلند کر چکے۔

ان رہنماوں میں کئی لیگی اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ جبکہ اب خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے مزید لیگی رہنماوں و عہدیداران نے نواز شریف کے بیانیے کیخلاف کھل کر بات کی ہے۔ ہفتے کے روز ن لیگ خیبرپختونخواہ کے کچھ عہدیداروں کی جانب سے خصوصی پریس کانفرنس کی گئی۔ ان رہنماوں کے وفد کی قیادت بنوں میں مسلم لیگ ن کے نائب صدر ملک عمران اللہ نے کی۔

(جاری ہے)

لیگی رہنماوں نے پریس کانفرنس کے نوازشریف پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔ لیگی رہنماوں نے کہا کہ نوازشریف کے فوج مخالف بیانیے سے مسلم لیگ ن کے کارکنان کی دل آزاری ہوئی اور اُن کا دل ٹوٹ گیا۔ ہمارے آباؤ اجداد کا تعلق مسلم لیگ ن سے رہا ہے مگر ماضی میں کبھی ریاستی اداروں کے خلاف اس قسم کا پروپیگنڈا نہیں کیا گیا۔

فوج مخالف بیانیے کی وجہ سے نواز شریف کا حال بھی بانی ایم کیو ایم کے جیسا ہوگا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستان کو توڑنا اور ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے اور نوازشریف اور بھارتیہ جنتا پارٹی پاکستان کے خلاف ایک جیسی زبان بول رہے ہیں۔ ہماری نسلیں پاکستان، افواج پاکستان اور عسکری اداروں کے ساتھ کھڑی تھیں اور آئندہ بھی کھڑی رہیں گی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ نواز شریف نے بھی اس صورتحال میں اپنے ایک حالیہ بیان میں واضح کیا ہے کہ ن لیگ کے جو رہنما اور کارکن ان کے بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، انہیں کوئی نہیں روکے گا، وہ پارٹی کو چھوڑ دیں۔ جبکہ مریم نواز نے ایسے رہنماوں کو لوٹا قرار دے کر اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ ایسے لوٹوں کو گھیراو کیا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات