پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں و تبادلے، 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل بنا کر ترقی دے دی گئی

بدھ 25 نومبر 2020 18:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر افسران کی ترقی، تبادلے اور تعیناتیاں کی گئی ہیں اور 6 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقیاں دے دی گئی۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹس کیں۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ فوج میں 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ترقی پانے والے ان 6 افراد کے ناموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جن میجر جنرلز نے ترقی پائی ہے ان میں میجر جنرل اختر نواز، میجر جنرل سردار حسن اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلمان فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید 2 ٹوئٹس میں پاک فوج میں ہونے والے تبادلوں اور تعیناتیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کور کمانڈر بہاولپور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز کمانڈر سدرن کمانڈ اور لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کمانڈر اے ایس ایف سی تعینات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کردیا گیا، اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوشن، لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکریٹری اور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔