اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف وزیراعظم نے تاریخی فیصلہ کیا، حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرے گی، علی محمد خان

جمعرات 26 نومبر 2020 12:27

اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف وزیراعظم نے تاریخی فیصلہ کیا، حکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2020ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف وزیر اعظم کے تاریخی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہیکہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں جنہوں نے غیر منقولہ جائیداد کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی لیکن کمزور نظام کی وجہ سے انہیں اراضی کو قبضہ مافیا سے بازیاب کرانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اپوزیشن کو قانون سازی کے ذریعے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے آگے آنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں عوامی جلسوں کے انعقاد میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں قانون سازی کے لئے حکمران جماعت کی حمایت کریں تاکہ عوامی شکایات کا مناسب انداز میں ازالہ کیا جاسکے۔ پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے منفی رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت اپوزیشن جماعتیں عوامی معاملات پر توجہ نہیں دے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے نمائندے حکمران جماعت سے اختیارات چھیننے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا جیسے وبائی مرض کی صورتحال میں عوام کی صحت کے معاملات کو نظر انداز نہیں کر سکتی، موجودہ حالات میں کسی کو بھی عوامی اجتماعات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔