پاکستانیوں کو لیبر ویزوں کے اجراء پر کوئی پابندی نہیں

حکومت پاکستان کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر اماراتی حکومت نے وضاحت کر دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 نومبر 2020 19:24

پاکستانیوں کو لیبر ویزوں کے اجراء پر کوئی پابندی نہیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) پاکستانیوں کو لیبر ویزوں کے اجراء پر کوئی پابندی نہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر اماراتی حکومت نے وضاحت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ روز سے خبریں زیر گردش تھیں کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو نئے ویزٹ ویزوں کے علاوہ ورک ویزوں کے اجراء پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، تاہم اس حوالے سے اماراتی حکومت کی جانب سے کوئی باقاعدہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔

ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کی جانب سے اماراتی وزیر برائے افرادی قوت سے رابطہ کیا گیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں زلفی بخاری کی جانب سے بتایا گیا کہ اماراتی وزیر نے پاکستانی ورک فورس کیلئے ویزا پابندی کی خبروں کو مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

وزیر افرادی قوت ناصربن الثانی نے واضح کیا کہ پاکستانی محنت کشوں کیلئے ویزوں کے اجراء پر کوئی پابندی نہیں کی گئی۔ زلفی بخاری کا بتانا ہے کہ میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی برعکس اماراتی وزیر نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورک فورس کی تعداد میں11فیصداضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ کرونا بحران کے دوران امارات میں بے روزگار ہونے والے پاکستانیوں کا ڈیٹا ورچوئل لیبر مارکیٹ کیلئے اکٹھا کیا گیا ہے، جبکہ پاکستانی پروفیشنلز کیلئے 10 سالہ گولڈن ویزوں کے اجراء کی درخواستوں پر بھی کام جاری ہے۔

معاون خصوصی زلفی بخاری نے پابندی کی خبروں کی تردید کرنے پر اماراتی وزیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستانیوں سے درخواست کی کہ بے بنیاد خبروں پر کان نہ دھریں۔