وزیراعظم کے مہنگائی پر قابو پانے کے احکامات کام کر گئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی

ٹماٹر ،آلو ،پیاز ،چکن سمیت 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کردیے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 27 نومبر 2020 20:25

وزیراعظم کے مہنگائی پر قابو پانے کے احکامات کام کر گئے  اشیائے ضروریہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا نوٹس لینے کے بعد مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعدادو شمار جاری کردیے ہیں ۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح میں 0.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔

مہنگائی میں کمی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہوئی ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹماٹر ،آلو ،پیاز ،چکن سمیت 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 4 روپے 73 پیسے، گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 2 روپے، چنے کی دال ایک روپے اور دال ماش ایک روپیہ 8 پیسے سستی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 15 روپے 27 پیسے کمی آئی جبکہ پیاز 6 روپے 27 پیسے فی کلو اور چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 44 پیسے کمی ہوئی ہے۔ جبکہ ادارہ شماریات کے مطابق کیلے،انڈوں ،لہسن اور گوشت سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی فی درجن قیمت میں ایک روپیہ 15 پیسے ، انڈے کی فی درجن اوسط قیمت میں ایک روپے 82 پیسے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مٹن ،بیف، تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے گزشتہ ہفتے مہنگائی کا نوٹس لیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی تھی کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لائے جائے ۔