نیازی کی فرمائش پر بنائے گئے کیسز مذاق بن گئے ہیں، احسن اقبال

عمران خان کو چیلنج ہے ،ادارے بھی انکے ماتحت ہیں، کرپشن ثابت کر کے دکھائیں،میڈیا سے گفتگو

پیر 30 نومبر 2020 22:49

نیازی کی فرمائش پر بنائے گئے کیسز مذاق بن گئے ہیں، احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس طرح عمران نیازی کی فرمائش پر کیس بنائے گئے ہیں وہ مذاق بن گیا ہے، پی ڈی ایم اس حکومت کو گھر بھیجے گی۔آٹے چینی کی کرپشن پر کوئی نہیں بولتا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے جس طرح عمران نیازی کی فرمائش پر کیس بنائے وہ مذاق بن گیا ہے، عمران خان ادارے آپ کے ماتحت ہیں، مجھ پر کرپشن ثابت کر کے دکھائیں، میری وزارت سے 3200 ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لیے جاری ہوئے، مجھ پر 32 روپے رشوت ثابت کردیں میں مجرم ہوں گا۔

انہوں نے مہنگائی اور کرپشن پر مزید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آٹا اور چینی اسکینڈل میں 400 ارب روپے کی کرپشن سامنے آچکی ہے، کوئی نہیں بولتا۔احسن اقبال نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور وزیر ہوابازی کے بیان کی وجہ سے 100 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا، پوری ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، کوئی نوٹس نہیں لیتا۔