پی ڈی ایم جلسہ گاہ کے قریب گودام میں آگ لگ گئی

جلسہ گاہ کے قریب آگ ایک گودام میں لگی جس کے باہر سیکڑوں کارکنان موجود، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی گئیں

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 30 نومبر 2020 18:45

پی ڈی ایم جلسہ گاہ کے قریب گودام میں آگ لگ گئی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) ملتان جلسہ گاہ کے قریب گودام میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد اردگرد موجود کارکنان میں بھگدڑ مچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پی ڈی ایم کا جلسہ جاری ہے، جس میں اسٹیج سے کچھ فاصلے پر موجود ایک گودام میں شدید آگ بھڑک اُٹھی ہے ۔ آگ بھڑکنے کے بعد کارکنان میں بھگدڑ مچ گئی ۔ جس کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کر لیا گیا ہے، ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

گودام جلسہ گاہ سے تقریبا 300 سے 400 میٹر کی دوری پر ہے، جبکہ گودام کے باہر بجلی کی تاروں میں آگ لگی جس نے آہستہ آہستہ پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا ۔ کارکنان کو عمارت کے قریب سے ہٹایا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی مناسبت سے پی ڈی ایم کا جلسہ منعقد کیا گیا ہے ۔ جلسے کی میزبانی پاکستان پیپلز پارٹی کررہی ہے۔جلسے میں پی ڈی ایم کے قائدین، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری اسٹیج پر موجود ہیں ۔