جعلی ڈگریوں کا معاملہ، پی آئی اے کے افسران کیخلاف کارروائیاں شروع

سابق ڈائریکٹر ایچ آر راشد احمد، سابق اسسٹنٹ مینجر ریکرومنٹ اینڈ پلیسمنٹ سید فہد، سینیئر ٹیکنیشن زبیر،شیر اقبال اور آصف جعلی ڈگریوں کے مقدمے میں نامزد

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 30 نومبر 2020 23:03

جعلی ڈگریوں کا معاملہ، پی آئی اے کے افسران کیخلاف کارروائیاں شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2020ء) پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں پر نوکری دینے کے معاملے پر پی آئی اے کے افسران کیخلاف مقدمہ درج کر کے ان کی گرفتاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے افسران و ملازمین کے خلاف جعلی ڈگریوں کے معاملے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کی جانب سے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں کےذمہ داروں کے خلاف مقدمے کا اندراج ڈائریکٹر ایف آئی اے کی ہدایت پر کیا گیا ہے ۔

جعلی ڈگریوں کے مقدمے میں سابق ڈائریکٹر ایچ آر راشد احمد، سابق اسسٹنٹ مینجر ریکرومنٹ اینڈ پلیسمنٹ سید فہد، سینیئر ٹیکنیشن زبیر،شیر اقبال اور آصف کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں جعلی ڈگری پربھرتی کے خلاف قوانین کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مقدمے کے مطابق زبیر، شیر اقبال اور آصف کو جعلی ڈگریوں کے باوجود قومی ائر لائن میں ملازمت دی گئی۔

پی آئی اے کے سابق افسران راشد احمد اور فہد علی اس بات کے ذمہ دارتھے کہ متعلقہ درسگاہوں سے ڈگریوں کی تصدیق کرتے جب کہ شیر اقبال اور آصف کو مقدمے کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں کے انکشاف کے بعد کئی ملازمین کو نوکری سے برطرف کیا گیا تھا، جبکہ اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کی جانب سے کی جا رہی تھیں ۔