پی ٹی آئی سیاست دانوں کی نہیں اٹھائی گیروں اور ٹھگ بازوں کی جماعت ہے ‘ سعید غنی

اپوزیشن کے جلسوں میں کورونا آ جاتا ہے اور کورونا نہ ہو تو نیب آجاتا ہے ‘ ناصر حسین شاہ، میڈیا سے گفتگو

منگل 1 دسمبر 2020 17:30

پی ٹی آئی سیاست دانوں کی نہیں اٹھائی گیروں اور ٹھگ بازوں کی جماعت ہے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ملتان میں تمام راستے بند کرنے کے باوجود ہزاروں لوگ جمع ہوئے ،پاکستان کے عوام اب حکومت کے جبر سے گھبرا کر پیچھے ہٹنے والے نہیں ،اب یہ سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہویء کیا ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی سیاست دانوں کی جماعت نہیں ہے یہ اٹھائی گیروں اور ٹھگ بازوں کی جماعت ہے ،جو سب کو چور کہتا ہے اسکی بہن اور لیڈروں نے این آر او لے رکھے ہیں،آصفہ بھٹو کی سیاست میں دلچسپی ہے ،ملتان جلسے کا خطاب آصفہ کا آخری خطاب نہیں بلکہ آئندہ بھی آپ سنیں گے۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عوام وفاقی حکومت کی کارکردگی کیخلاف باہر نکلے ہیں،اپوزیشن کے جلسوں میں کورونا آ جاتا ہے اور کورونا نہ ہو تو نیب آجاتا ہے ،حکومت کے خود اپنے جلسوں میں کورونا ایس او پیز دیکھے جا سکتے ہیں، ملتان کے جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔انہوںنے کہا کہ عام آدمی کا جینا دو بھر ہوگیا ہے ،عام آدمی دوائیاں، بجلی کے بل اور بچوں کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے این آر او جن کو دینا تھا انہیں دے دیا گیا ہے ،موجودہ حکومت لڑکھڑاتی اور مانگے تانگے کی حکومت ہے ،چودھری برادران ان سے ناراض تھے ، اختر مینگل انہیں چھوڑ گئے ہیں ۔