حویلیاں طیارہ حادثہ:خراب جہاز کو کیسے پرواز کی اجازت ملی، عدالت نے رپورٹ طلب کرلی

حویلیاں میں پی آئی اے طیارہ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، عدالت نے سی اے اے کو حکم جاری کردیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 1 دسمبر 2020 22:45

حویلیاں طیارہ حادثہ:خراب جہاز کو کیسے پرواز کی اجازت ملی، عدالت نے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔01 دسمبر 2020ء) عدالت کی جانب سے سی اے اے کو حویلیاں میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں حویلیاں طیارہ حادثے میں کی تفتیشی رپورٹ منظر پر لانے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے متعلق آئینی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

سندھ ہائی کورٹ نے حویلیاں میں پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارہ حادثے کے ذمہ داروں کے متعلق سول ایوی ایشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پی آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ تفیشی رپورٹ نہیں پڑھی اس لیے انہیں جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دی جائے۔ جس پر عدالت نے پی آئی اے حکام کی سرزنش کی ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ خراب جہاز کو کیسے پرواز کی اجازت دی گئی؟۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے اب رپورٹ آ گئی ہے اس لیے پی آئی اے حکام کو جواب دینا اور ذمہ داروں کا تعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ عدالت کی جانب سے متعدد مرتبہ کہا گیا پھر 4 سال بعد رپورٹ پیش ہوئی ہے 48 خاندان اجڑ گئے لیکن پی آئی اے حکام تفتیشی رپورٹ بھی نہیں پڑھ سکتے ہیں ۔ سندھ ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران پی آئی اے حکام نے بتایا کہ حادثے بعد اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ کردیے ہیں اور سیفٹی کے متعلق نیا سافٹ وئیر بھی بنالیا ہے۔ عدالت نے سول ایوی ایشن کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی ہے ۔