نواز شریف اور زرداری اللہ کے عذاب کا شکار ہیں.عمران خان

حرام کا پیسااللہ کی لعنت ہے، انسانیت کی خدمت کریں گے تو اللہ خوش ہوگا.وزیراعظم کا خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 دسمبر 2020 14:08

نواز شریف اور زرداری اللہ کے عذاب کا شکار ہیں.عمران خان
گلگت(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ذہنی دباﺅ تمام بیماریوں کی جڑ ہے، کل اس ذہنی دباﺅ کی جھلک اسحاق ڈار کے انٹرویو میں نظر آرہی تھی، وہ جھوٹ پر جھوٹ بول رہے تھے ، کہہ رہے تھے وہ بیمار نہیں، اگر انہیں دل کا مسئلہ نہیں بھی تھا تو کل ہو جاتا. گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے لوگ مر رہے ہیں، اپوزیشن جلسے کررہی ہے، یہ جلسے چوری بچانے کے لیے کیے جارہے ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، یہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اور کبھی دبئی جاتے ہیں، اللہ کا ان پر عذاب نازل ہوتے دیکھا ہے نو منتخب کابینہ اراکین سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ میں آپ کا علاقہ جانتا ہوں، آپ کے مسئلے جانتا ہوں، سب سے پہلے صوبائی حیثیت پر کام کریں گے،آپ لوگوں کو ہم سے بہتر علم ہے کہ کون سے پروجیکٹ بنانے ہیں.

عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ٹورازم پر پوری توجہ دی جائے گی، بدقسمتی سے کورونا وائرس کی وجہ سے زیادہ سیاح نہیں آسکے تاہم ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان کو ٹورازم حب بنا دیںوزیر اعظم نے کہا کہ لیڈرمیں دو خصوصیت صادق اور امین ہونا بہت ضروری ہے،حرام کا پیسااللہ کی لعنت ہے، انسانیت کی خدمت کریں گے تو اللہ خوش ہوگا. انہوں نے کہا کہ حرام کا پیسہ خود ایک عذاب ہے اور اپوزیشن کرپشن بچانے کے لیے جلسے کر رہی ہے وزیراعظم نے کہا کوروناپھیل رہا ہے اور یہ حرام کا پیسہ بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں. انہوں نے کہاکہ اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپکی اور اولاد کی تباہی کرے انہوں نے کہا کہ چوری کا پیسہ چھپانے کیلئے اولاد کو بھی جھوٹ بولنا پڑرہا ہے.