بابراعظم کو لمبے عرصے تک قومی ٹیم کی کپتانی کیلئے آہنی اعصاب کا مالک بننا ہوگا:شعیب اختر

بابراعظم کو بطور بیٹسمین اپنے کھیل میں مزید نکھار لانا ہوگا:سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 دسمبر 2020 17:46

بابراعظم کو لمبے عرصے تک قومی ٹیم کی کپتانی کیلئے آہنی اعصاب کا مالک ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر کا خیال ہے کہ بابراعظم کو لمبے عرصے تک قومی ٹیم کی کپتانی کرنے کے لیے آہنی اعصاب کا مالک بننے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے ایک انٹرویو میں واضح طور پر کہا تھا کہ رواں ماہ کے شروع میں اظہر علی کی جگہ ٹیسٹ کپتان بننے والے بابراعظم ان کے اور احسان مانی کے ہونے تک کپتان رہیں گے ۔

مذکورہ بالا بیان پر ایک سوال کے جواب میں شعیب اختر نے کہا کہ بابراعظم کو بطور کھلاڑی مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ شعیب اختر نے کہا کہ جب آپ لائم لائٹ میں آجائیں اور سٹار بننے کی جانب جارہے ہوں تو کچھ لوگ آپ کو نیچے لانے اور آپ کو تکلیف پہنچانے کی کوشش کریں گے، یہی وہ وقت ہے جب آپ کو دکھانا ہوتا ہے کہ آپ مضبوط اعصاب کے مالک ہیں ۔

(جاری ہے)

شعیب اختر نے پی ٹی وی سپورٹس میں ایک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم کو اب بطورکپتان ، کھلاڑی اور بلے باز مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ سب کو علم ہو کہ وہ آہنی اعصاب کے مالک ہیں ۔

شعیب اختر سی ای او وسیم خان کی جانب سے بابراعظم کو طویل عرصے تک کپتان برقرار رکھے جانے کے بیان پر قائل نظر نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ آہنی اعصاب کے مالک نہیں ہیں تو کوئی شخص آپ کی پشت پر کھڑا نہیں ہوگا،سچ بتائوں تو مجھے پی سی بی کے بہت سے سی ای اوز / چیئرمینز کے عین الفاظ یاد ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ راشد لطیف بھائی 6 سال تک کپتان رہیں گے، میں نے پچھلے 24 سالوں میں کرکٹ اور زندگی کی اونچائیوں اور پستیوں کو دیکھا ہے۔