فیصل آباد ،ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے’’سموک فری پاکستان‘‘ موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کر دیا

جمعہ 4 دسمبر 2020 22:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2020ء) ڈپٹی کمشنرمحمد علی نے’’سموک فری پاکستان‘‘ موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کر دیا۔ آسان اور گوگل پر دستیاب اس موبائل ایپلیکیشن سے نہ صرف تمباکو نوشی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تصویر بلکہ لوکیشن بھی اپ لوڈ کی جاسکتی ہے جس پر متعلقہ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔ ’’سموک فری پاکستان‘‘ موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح ڈی سی آفس میں منعقدہ ٹو بیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس عفیفہ شاجیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر مقبول،سیکرٹری آر ٹی اے ضمیر حسین،پراجیکٹ مینجر محمد آفتاب احمد، صادق الحسن، پنجاب وٹریفک پولیس،چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری،پنجاب فوڈ اتھارٹی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نار کوٹکس کنٹرول،پاکستان ریلویز کے نمائندگان موجود تھے۔

(جاری ہے)

ٹو بیکو کنٹرول ٹاسک فورس کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹوبیکو سموک فری سیٹیز وزارت قومی صحت منہاج السراج نے بتایا کہ پاکستان میں تمباکو نوشی سے روزانہ سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں سگریٹ نوشی کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے جبکہ متعلقہ ادارے امتناع تمباکو نوشی قانون پر عملدرآمدکو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ نسل کو تمباکو فری معاشرہ دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی سے کینسر سمیت دیگر بیماریاں لاحق یوسکتی ہیں لہذا صحت کے تحفظ کے لئے سگریٹ، سگار، شیشہ، بیٹری اورتمباکو کی دیگر مصنوعات کے استعمال سے اجتناب کرنے کے بارے میں عوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے بارے میں تسلسل سے ایونٹس کا انعقادکیا جائے۔

اس موقع پر شرکاء نے اٹھارہ سال سے کم عمروالے افراد کوسگریٹ فروخت کرنے،تعلیمی اداروں سے پچاس میٹرتک کے فاصلے پر سگریٹ فروخت، امپورٹڈ اور کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کی ضرورت پر زور دیا