پی ایس ایل ، احساس کفالت پروگرام اور قرنطینہ سنٹر میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن

ہفتہ 5 دسمبر 2020 17:28

ملتان۔5دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2020ء) :پی ایس ایل ، احساس کفالت پروگرام اور قرنطینہ سنٹر میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے سیکنڈل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ہفتے کے روز سابق کمشنرملتان ڈویزن شان الحق اینٹی کرپشن ملتان کے دفتر حاضر ہوئے ۔ انہیں اینٹی کرپشن ملتان نے چھ دیگرافسروں کے ہمراہ طلب کیاتھا۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے کمشنرسمیت سات افسران کو دس صفحات پر مشتمل سوالنامہ دیا۔

اینٹی کرپشن ان پروگراموں میں کرپشن کی تحقیقات کررہی ہے۔ رواں برس کے دوران پاکستان کے سب سے بڑے قرنطینہ سنٹر میں زائرین کی دیکھ بھال کی مد میں مبینہ طورپر جعلی کوٹیشنوں کے لیے کروڑوں روپے کے خردبرد کی تحقیقات بھی جاری ہے۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی، چیف کارپوریشن آفیسر شاہد اقبال بھی اینٹی کرپشن کے دفتر میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن ذرائع کاکہنا ہے کہ ملزمان پر مختلف پروگراموں میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیوں اورمن پسند ٹھیکیداروں کو بغیر ٹینڈروں کے زیادہ ریٹ پر ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

اینٹی کرپشن میں پیشی کے بعد سابق کمشنرملتان شان الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ایس ایل کی کوٹیشنوں اور بلوں پر میرے جعلی دستخط کیے گئے ۔اسی طرح قرنطینہ سنٹر اور احساس کفالت پروگرام میں بھی جو بل جمع کرائے گئے ان پر میرے جعلی دستخط ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے اینٹی کرپشن ملتان کو اپنے دستخط جمع کرادیئے ہیں ۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان حیدر عباس وٹو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن کی دومختلف انکوائریاں چل رہی ہیں۔

یہ ریفرنس موجودہ کمشنر نے ارسال کیاتھا۔سابق کمشنرشان الحق کے دستخط لے لےے ہیں جن کی فرانزک جانچ کرائی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تیس سوالوں پرمشتمل سوالنامے کے جوابات کمشنرنے دے دیئے ہیں۔جوافسران طلبی کے باوجود نہیں آئے انہیں دوبارہ طلب کیا جائے گا اور معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔