پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں "جعلی خبروں" کی بنیاد پر غیر ملکی جنگجووں کی منتقلی سے متعلق بھارتی میڈیا کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کردیا

اتوار 6 دسمبر 2020 00:10

اسلام آباد۔5دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2020ء) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں "جعلی خبروں" کی بنیاد پر غیر ملکی جنگجووں کی منتقلی سے متعلق بھارتی میڈیا کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد آزادی کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہیں۔

اس طرح کی بھارتی سازشیں پہلے بھی ناکام ہوچکی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہونگی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اس طرح کے جھوٹ کو پھیلا کر بھارت نہ تو بھارتی غیر قانونی اور غیر انسانی تسلط سے آزادی کے لئے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کو ختم کر سکتا ہے اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے الزام میں عالمی برادری کے احتساب سے تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ نام نہاد "شام سے غیر ملکی جنگجووں" سے متعلق بے بنیاد الزامات کا مقصد صرف پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جھوٹ اور جعلی خبروں پر مزید وقت ضائع کرنے کے بجائے ،ہندوستان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے اور کشمیریوں کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت استعمال کرنے کا اپنا حق دے۔