کیا خواجہ آصف کو مطالبہ پورا نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ؟

صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے خواجہ آصف کی ایک ملاقات کی کہانی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 31 دسمبر 2020 17:03

کیا خواجہ آصف کو مطالبہ پورا نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 دسمبر 2020ء) : مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری نے اپوزیشن جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن کو حکومت پر تنقید کا ایک اور موقع فراہم کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ آصف کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دیا گیا تاہم اب صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے خواجہ آصف کی اکتوبر میں ہونے والی ایک ملاقات کی کہانی بتا دی۔

تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صحافی عمر چیمہ نے کہا کہ 28 اکتوبر بروز بدھ: سابق وزیر دفاع خواجہ آصف اور سابق وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر رات کے کھانے پر مدعو تھے میزبان نے میاں نوازشریف کی گوجرانوالہ تقریر کے تناظر میں ایک مطالبہ کیا مزید بتایا کہ "ناں" کی صورت میں نیب پیچھا کرے گی اور پھر کچھ ایسا ہی ہوا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج صبح اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا تھا۔جبکہ عدالت نے خواجہ آصف کو فیملی اور وکلا سے ملاقات اور گھر کا کھانا فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کو پرسوں رات اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔

نیب نے خواجہ آصف کو اثاثہ جات کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا لیکن وہ ثبوت نہ دے سکے۔گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے خواجہ آصف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔ نیب نے خواجہ آصف کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا اور لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔