جوعمران خان کا وفادار ہے میں اسےغدارکہتا ہوں ، مولانا فضل الرحمٰن

تم جیسی کٹھ پتلی حکومت کو سمندر میں غرق کرکے چھوڑیں گے ، آپ نےایک سال میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹا وعدہ کیا ، پی ڈی ایم قیادت نے قوم کوآزادی اورجمہوریت کاراستہ دکھایا ، پی ڈی ایم سربراہ کا بنوں میں جلسے سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 جنوری 2021 19:24

جوعمران خان کا وفادار ہے میں اسےغدارکہتا ہوں ، مولانا فضل الرحمٰن
بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری2021ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جوعمران خان کا وفادار ہے میں اسےغدارکہتا ہوں ، تم جیسی کٹھ پتلی حکومت کوسمندرمیں غرق کرکےچھوڑیں گے، یہاں دہشت گرد آزاد ہیں ، جب چاہیں شہریوں کو قتل کردیں بلوچستان میں ہزارہ برادری کا قتل عام کیا گیا ، بد امنی کا اس سے بڑھ کر ثبوت کیا ہے ، پی ڈی ایم قیادت نے قوم کو آزادی اور جمہوریت کا راستہ دکھایا ہے ، کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں ، بنوں والوں نے آج حکومت کے خلاف بغاوت کااعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین کی بالادستی کیلئے ہے ، بلوچستان کےعلاقے مچھ میں ہزاری برادری کا قتل عام کیا گیا ، مچھ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں ، اسلام آباد میں 22 سال کے نوجوان کوپولیس نے شہید کردیا ، بتایا جائے 22 سال کے نوجوان کو کیوں قتل کیا گیا ؟ آج اسلام آباد جیسا شہر غیرمحفوظ ہے جہاں ڈکیتیاں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام ف کے امیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کوتباہ کردیا ، آئندہ سالوں میں معیشت کی بہتری کی کوئی امید نہیں ، 1947 سےآج تک ایک کروڑسرکاری نوکریاں نہیں دی گئیں ، آپ نےایک سال میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹا وعدہ کیا ، پاکستان میں کام کرنے والے لوگ ہیں لیکن آپ خود نا اہل ہیں ، ، آج افغانستان ، ایران اور بنگلہ دیش کی معیشت ہم سے بہتر ہے ، پورا خطہ معاشی لحاظ سے ترقی کر رہا ہے اور پاکستان کی معیشت تنزلی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا آپ نے نیب کے سامنے سرنڈر کرنا ہے ، میرے آباء و اجداد نے کسی کے آگے سر نہیں جھکایا ہے۔