سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو اب اپنے ساتھ اقامہ یا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی

محکمہ پاسپورٹ نے ڈیجیٹل اقامہ جاری کر دیا، بینکوں ، کمپنیوں اور افراد کے لین دین کے دوران بھی ڈیجیٹل شناخت سے ہی کام لیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 جنوری 2021 13:24

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کو اب اپنے ساتھ اقامہ یا ڈرائیونگ لائسنس ..
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جنوری2021ء) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو اپنی شناخت کی خاطر اپنے ساتھ اقامہ، ڈرائیونگ لائسنس یا استمارہ رکھنا پڑتا ہے کیونکہ کسی بھی مقام پر سیکیورٹی اہلکاروں یا سرکاری اداروں میں اپنا کام کروانے کے لیے ان کی ضرورت پیش آ جاتی ہے۔ کئی بار اگر ان میں سے کوئی بھی دستاویزات ساتھ رکھنا بھول جائیں تو بڑی پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔

تاہم آئندہ وقتوں کے لیے یہ پریشانی حل کر دی گئی ہے۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) نے اقام (ھویہ مقیم) کا ڈیجیٹل ایڈیشن جاری کردیا ہے جو وزارت داخلہ کی ای ایپ ’ابشرافراد‘ پر’ھویہ مقیم الرقمیہ‘ کے نام سے دستیاب ہے۔اُردو نیوز کے مطابق جوازات کے ترجمان ناصرالعتیبی نے بتایا کہ اب تارکین کی ڈیجیٹل شناختی دستاویز کی تصدیق ’ابشر افراد‘ کی ایپ کے ذریعے آن لائن کی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

یہ ایپ سمارٹ فون پر ڈاون لوڈ کی جا سکتی ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے انٹرنیٹ ضروری نہیں ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے اجرا کے بعد پلاسٹک کارڈ یا اقامہ ہمراہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بینکوں، کمپنیوں اور ایک دوسرے کے ساتھ لین دین کے وقت ڈیجیٹل شناخت پر بھروسہ کرسکیں گے۔ کسی بھی فرد یا ادارے یا سیکیورٹی ادارے میں اپنی پہچان کرانے کے لیے گواہ لانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی‘۔

موبائل پر ابشر ایپ کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کی گئی ڈیجیٹل شناخت کو کسی بھی ذمہ دار کو دکھا کر اپنی شناخت ثابت کی جا سکے گی۔ مملکت کے اندر اورباہر یہ ڈیجیٹل شناخت موثر ہوگی۔جسے انٹرنیٹ کے ساتھ اور بغیر دونوں طرح استعمال کیا جا سکے گا۔ اس ڈیجیٹل سسٹم سے سعودیوں اور تارکین کو پلاسٹک دستاویزات ساتھ لے کر چلنے سے راحت مل جائے گی۔مقامی افراد کو قومی شناختی کارڈ اور تارکین کو اقامہ کارڈ یا ڈرائیونگ لائسنس یا گاڑی کا استمارہ (وہیکل رجسٹریشن) کارڈ ساتھ رکھ چلنے کی مجبوری اب سے ختم ہو گئی ہے۔ یہ زیادہ بہتر ہے کہ یہ ساری اطلاعات سسٹم میں محفوظ ہوں اور ابشر کے ذریعے تمام معلومات ضرورت پڑنے پر حاصل کرلی جائیں۔