سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلے میں کم سن لڑکا ڈوب گیا

پولیس نے کئی روز کی کوشش کے بعد بالآخر بدنصیب لڑکے کی لاش ڈھونڈ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 جنوری 2021 16:42

سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلے میں کم سن لڑکا ڈوب گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جنوری2021ء) سعودی عرب میں کئی روز سے طوفانی بارشیں جاری ہیں ، جس کے باعث کئی علاقوں میں طغیانی آچکی ہے ۔ سعودی شہر حائل کے قریب وادی شعیب مدر میں ایک سعودی لڑکا سیلاب میں ڈوب گیا ہے۔ یہ واقعہ کچھ روز پہلے پیش آیا۔ بالآخر اس بدنصیب لڑکے کی لاش مل گئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے لڑکے کی کئی روز سے تلاش جاری تھی۔

محکمہ شہری دفاع کے علاوہ نیشنل گارڈ اور دیگر سیکیورٹی اداروں اور رضاکاروں کی کئی ٹیمیں مسلسل اس کی لاش کو ڈھونڈ رہی تھیں۔ جس میں کامیابی حاصل ہوگئی ہے۔ کم سن متوفی لڑکے کی لاش کو والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے جن پر صدمے کی کیفیت طاری ہے۔ سوشل میڈیا پر اس نوجوان کی موت پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے چار روز کے دوران خراب موسم کی صورت میں گھروں سے بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر موسم کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اطلاع دی جاتی رہے گی۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔ کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔