زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے

جس کے ذریعے غربت کے خاتمے اور ترقی کے لئے کاروباری مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 جنوری 2021 17:09

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایک ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے ذریعے غربت کے خاتمے اور ترقی کے لئے کاروباری مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سینئر پروگرام مینیجر حماد بن عبدالخالق نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی میں دفتر اختراعات، تحقیقات و کمرشلائزیشن کی نظامت کے زیراہتمام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نوجوانوں میں کاروباری مہارتوں کے فروغ کے لئے نہ صرف شعور کی آگاہی کی مہم میں تعاون کرے گا جس میں سیمینارز کے علاوہ مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوان ریسرچرز کاروباری مہارتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنے بزنس پلان ترتیب دے سکیں جس کے ذریعے ملکی ترقی اور کاروباری امکانات کو فروغ دیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں متعلقہ معیار پر پورے اترنے والے نوجوانوں کو مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی مہارتوں کو نکھار سکیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے گریجوایٹس سرکاری و غیرسرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے دھکے کھانے کی بجائے کاروباری مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے قابل ہو سکیں۔

انہوں نے ڈائریکٹر اورک کو کاروباری مہارتوں کے حوالے سے تیزی سے پیش رفت یقینی بنانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کا کہا اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل کے امکانات میں زیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کے لئے یونیورسٹی کے نوجوان آگے بڑھیں گے اور ملکی ترقی کا سفر مزید تیزی سے جاری ہو سکے گا۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، مینیجر اکیڈمک اینڈ انڈسٹریل لنکجز ڈاکٹر خرم ضیاء اور انچارج بزنس انکوبیشن سنٹر عمران منور و دیگر افراد نے شرکت کی۔