ملائیشیا پی آئی اے واقعہ، نااہل حکمرانوں نے ملک کا سر شرم سے جھکا دیا، اسفندیارولی خان

سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی، جاہلیت اور غیرسنجیدگی نے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کردیا ہے ملک میں جاری بدحالی کے ذمہ دار صرف سلیکٹڈ نہیں سلیکٹرز بھی ہیں جنہیں عوام کو حساب دینا ہوگا، بیان

جمعہ 15 جنوری 2021 20:47

ملائیشیا پی آئی اے واقعہ، نااہل حکمرانوں نے ملک کا سر شرم سے جھکا دیا، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضہ میں لینا پاکستان کی تاریخ کا شرمناک واقعہ ہے جس نے پوری قوم اور ملک کا سر دنیا بھر میں شرم سے جھکا دیا ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی، جاہلیت اور غیرسنجیدگی نے پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کردیا ہے،آج بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو شرمندہ کردیا گیا لیکن حکمرانوں کو کوئی شرم نہیں آرہی۔

بین الاقوامی سطح پر تنہا ہونے کے بعد یہی کسر رہ گئی تھی جو موجودہ نااہل حکمرانوں نے پوری کردی۔ حکومت ملکی ترقی، خوشحالی اور عوام کی خدمت کی بجائے صرف اپوزیشن کے خلاف متحرک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاید یہ دنیا کا واحد ملک ہوگا جس کا سرکاری طیارہ لیز ادا نہ کرنے پر قبضے میں لیا گیا ہے۔ پی آئی اے کو پہلے جھوٹ کے ذریعے جعلی ڈگریوں میں بدنام کیا گیا اور اب یہ واقعہ نااہلی کی انتہا ہے۔

اے این پی سربراہ نے کہا کہ ملک میں جاری بدحالی کے ذمہ دار صرف سلیکٹڈ نہیں سلیکٹرز بھی ہیں جنہیں عوام کو حساب دینا ہوگا۔ آج کوئی ادارہ ایسا نہیں جو خسارے میں نہ ہو، سٹیل ملز، ریڈیو پاکستان، کلاس فور ملازمین، ڈاکٹرز، نرس، وکلائ سب احتجاج کررہے ہیں لیکن وزرائ کا ہجوم اور سلیکٹڈ وزیراعظم خود مزے لوٹ رہے ہیں۔ اگر اب ان حکمرانوں کی روش نہیں بدلی تو پاکستان کو 50 سال مزید پیچھے جانے میں دیر نہیں لگے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملائیشیا واقعے پر وزیرہوابازی سمیت ہر ذمہ دار کو عہدے سے ہٹایا جائے اور تحقیقات کرائی جائیں کہ اسکے اصل ذمہ دار کون ہیں۔ اپوزیشن میں رہتے ہوئے عمران نیازی چھوٹے چھوٹے واقعات پر وزرائ سے استعفوں کا مطالبہ کرتے تھے لیکن آج انکو دی گئی حکومت میں روز شرمناک واقعے سامنے آرہے ہیں اور انکی نااہلیت آشکارا ہورہی ہے۔