بختاور بھٹو کی شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان ، شیڈول بھی جاری کر دیا گیا

بلاول بھٹو نے بہن کی شادی پر ایک ہفتے کے لیے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 جنوری 2021 15:26

بختاور بھٹو کی شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان ، شیڈول بھی جاری کر دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2021ء) : سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ شادی کی تقریبات کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بختاور بھٹو کی شادی سے متعلق ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے کیے گئے اعلان میں بتایا گیا کہ بلاول ہاؤس کراچی میں 24 جنوری کو محفل میلاد کا انعقاد کیا جائے گا۔

جس کے بعد بختاور بھٹو زرداری کی مہندی کی سادہ تقریب 27 جنوری کو ہوگی اور 29 جنوری کو نکاح کی تقریب کا انعقاد ہو گا۔ اعلان کے مطابق بختاور بھٹو زرداری کی بارات کی تقریب 30 جنوری کو منعقد کی جائے گی۔ ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق بختاور کی شادی میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

شادی میں شرکت کے لیے ملک کے اہم سیاسی رہنما، فوجی، سول اور جوڈیشل سربراہان کو بھی دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنی بہن بختاور کی شادی پر ایک ہفتے کے لیے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 27 نومبر کو سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی محمود چودھری کے ساتھ ہوئی تھی۔ بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد کی گئی تھی۔

بختاور اور محمود چودھری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔ تقریب میں 100 سے 150 افراد شریک تھے۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں شریک محمود چودھری کے اہل خانہ کا وفد 12 سی 15 افراد پر مشتمل تھا۔ تقریب میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض حسین، فاروق ایچ نائیک بھی شریک ہوئے۔ جبکہ اس کے علاوہ سینیٹر شیری رحمان، انور مجید سمیت دیگر شخصیات بھی بلاول ہاؤس میں موجود تھیں جبکہ بلاول بھٹو نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے بذریعہ ویڈیو کال منگنی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔