وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن۔21 کی‘‘ کثیرالاقوامی سمندری مشقوں’’ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس

شہر کو فیسٹیول کی طرح سجایاجائے۔امن۔ 21 کی مشقوں کی میزبانی کرنا ایک فخر کی بات ہے جس میں 46 ممالک شرکت کریں گے لہٰذا تمام انتظامات بشمول تزئین و آرائش ، رنگ و روغن اور خوش آمدید کے سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ بہترین مہمان نوازی کی عکاسی ہوسکے، ہدایت

جمعہ 22 جنوری 2021 20:29

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت  پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن۔21 کی‘‘ کثیرالاقوامی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن۔21 کی‘‘ کثیرالاقوامی سمندری مشقوں’’ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی اور سوک باڈیز کو ہدایت کی کہ شہر کو فیسٹیول کی طرح سجایاجائے۔امن۔ 21 کی مشقوں کی میزبانی کرنا ایک فخر کی بات ہے جس میں 46 ممالک شرکت کریں گے لہٰذا تمام انتظامات بشمول تزئین و آرائش ، رنگ و روغن اور خوش ا?مدید کے سائن بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ بہترین مہمان نوازی کی عکاسی ہوسکے۔

یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں جمعہ کے روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ ، کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل لودھی ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، اے سی ایس ہوم عثمان چاچڑ ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن ، سیکرٹری بلدیات نجم شاہ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لئیق احمد ، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ناصر عباس ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ، رینجرز کے بریگیڈیئر فیصل نواز ، کور طV کے نمائندگان ، کنٹونمنٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی 11 سے 16 فروری 2021 تک کثیر الالقوامی سمندری مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے جس میں 46 ممالک شرکت کریں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنا ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد،تھیم ‘‘امن کے لیے یکجا ہونا’’ہے۔ واضح رہے کہ 2007 سے پاک بحریہ امن مشقوں کی میزبانی کرتی آ رہی ہے جن میں امریکہ ، روس ، چین اور برطانیہ کی نیوی کے جہاز، ایکٹو کمانڈ اینڈ اسپیشل آپریشن فورسز (ایس او ایف) حصہ لے رہی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری دنیا سے بڑی تعداد میں شرکت پاکستان نیوی کی عالمی اور علاقائی سطح پر ایک قابل احترام اور پیشہ ورانہ قوت ہونے کی دلیل ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مستقل کوششوں سے کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بہتر سکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد غیر ملکی وفود بھی بڑی تعداد میں کراچی آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک انتظامات کومشقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جانا چاہئے۔ مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ امن مشق۔21 کے دوران سیکورٹی کے سازگار اور خوشگوار ماحول کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے تمام بلدیاتی اداروں کو بھی ہدایت دی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں سڑکوں کو کارپیٹ کریں ، اطراف کو خوبصورت بنائیں اور فٹ پاتھوں کو پینٹ کریں۔#